’نواز لیگ کی غیر مشروط حمایت‘

پیپلز پارٹی نے پنجاب میں مسلم لیگ کی غیر مشروط حمایت کرنے اور اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما اور پنجاب کے سابق سینیئر وزیر راجہ ریاض کے مطابق اس بات کا فیصلہ لاہور میں اتوار کو صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔
ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے راجہ ریاض نے بتایا کہ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ صوبے میں نافذ گورنر راج آئندہ ایک دو روز میں اٹھالیا جائے گا۔
پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس گورنر ہاؤس میں ہوا جس میں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہوئے۔ اجلاس سے بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری نے خطاب کیا۔ آصف علی زرداری بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ مختصر دور پر اتوار کی دوپہر لاہور پہنچے تھے اور پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد واپس اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
اجلاس کے آغاز پر پیپلز پارٹی کی ارکان صوبائی اسمبلی نے صدر آصف علی زرداری کے حق میں کھڑے ہوکر نعرے لگائے۔ راجہ ریاض کے بقول آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں پنجاب کی سیاسی صورت حال پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ انہوں نے جمہوریت کی مضبوطی اور صوبے میں استحکام کے لیے گورنر راج کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما کے مطابق آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی مسلم لیگ نون کی غیر مشروط حمایت کرے گی اور مسلم لیگ (ن) ہارس ٹریڈنگ اور چھانگا مانگا کی سیاست نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی اپوزیشن میں بیٹھے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیپلز پارٹی نے پہلے بھی قربانیاں دیں ہیں اور اب بھی وقت آنے پر جمہوریت اور عوام کے لیے قربانی دیں گے۔
راجہ ریاض نے میڈیا کو بتایا کہ اگر شہباز شریف چوبیس فروری کی پوزیشن میں بحال ہوجاتے ہیں تو اس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا دوبارہ اعلان کیا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے اجلاس میں گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو تبدیل کرنے کے بارے میں کوئی بات نہیں ہوئی۔ ایک سوال پر ان کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے صوبائی کابینہ میں شامل ہونے کا معاملہ زیر غور نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی اجلاس میں شرکت کی وجہ سے یہ فیصلہ کیاگیا کہ اجلاس میں کوئی رکن مسائل کے بارے میں بات نہیں کرے گا بلکہ بلاول بھٹو زرداری کو خوش آمدید کہا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

ادھر مسلم لیگ نون کی قیادت کا ایک مشاورتی اجلاس رائے ونڈ میں ہوا جس کی صدارت پارٹی کے قائد نواز شریف نے کی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ذوالفقار کھوسہ نے میڈیا کو بتایا کہ اجلاس میں صدر آصف علی زرداری کے پارلیمان سے خطاب کے نکات پر غور کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ صدر زرداری نے اپنے خطاب میں جو باتیں کی ہیں وہ قوم کے لیے امید افزاء ہیں لیکن دیکھنے کی یہ بات ہے ان پر عمل کب ہوتا ہے۔ایک سوال پر ان کا کہنا ہے کہ اگر شہباز شریف کی بحالی کا عدالت فیصلہ آتا ہے یا عدالتی فیصلے سے پہلے گورنر راج ختم کرکے اسمبلی کا اجلاس بلایا جاتا ہے ان دونوں صورت میں مسلم لیگ نون کا اجلاس طلب کیا جائے اور اس اجلاس میں فیصلے کیے جائیں گے۔
دریں اثناء مسلم لیگ قاف کے رہنما اور پنجاب اسمبلی کے سابق سپیکر چودھری افضل ساہی نے نوازشریف سے ملاقات کی۔






















