پنجاب میں گورنر راج کا خاتمہ

- مصنف, اعجاز مہر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
- وقت اشاعت
صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے صوبہ پنجاب میں نافذ کردہ گورنر راج ختم کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔
ایوان صدر کے ایک ترجمان جمیل سومرو نے گورنر راج ختم کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بی بی سی کو بتایا کہ اس بارے میں باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پچیس فروری کو جن وجوہات کی بنا پر پنجاب میں گورنر راج نافذ کیا گیا تھا وہ اب ختم ہوگئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے گورنر نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس بدھ یکم اپریل کو طلب کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پچیس فروری کو شریف برادران کی نا اہلی کے بارے میں لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اس کے خلاف دائر اپیلیں خارج کردی تھیں۔
وزیراعلٰی کے عہدے سے شہباز شریف کی نا اہلی کے بعد پیدا ہونے والے بحران سے بچنے کے لیے صدر نے گورنر راج نافذ کرتے ہوئے انتظامی اختیارت گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو سونپ دیے تھے۔


















