گوشت اور تمباکو کے شوقین پاکستانی

- مصنف, احمد رضا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
- وقت اشاعت
ایک سروے کے مطابق پاکستان کے زیادہ تر لوگ کھانے میں گوشت کھانا چاہتے ہیں اور سب سے کم تعداد ان لوگوں کی ہے جنہیں دالیں کھانے کا شوق ہے۔
ایک اور سروے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں پچاس فیصد مرد تمباکو استعمال کرتے ہیں۔ یہ بات گیلپ پاکستان کی دو الگ الگ سروے رپورٹوں میں کہی گئی ہے۔
رپورٹوں کے مطابق ان جائزوں کے دوران پاکستان کے دیہی اور شہری علاقوں کے اڑھائی ہزار سے زائد لوگوں سے ان کی رائے معلوم کی گئی۔
گوشت خوری سے متعلق سروے کے دوران لوگوں کے سامنے یہ سوال رکھا گیا کہ اگر مالی مشکلات ختم ہوجائیں اور اشیائے صرف کی قیمتیں مستحکم ہوجائیں تو وہ کس غذا کو ترجیح دیں گے، گوشت، سبزی یا دالیں۔
رپورٹ کے مطابق باون فیصد لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ گوشت کھانے کو ترجیح دیں گے جبکہ سینتیس فیصد نے سبزیاں اور صرف دس فیصد نے کہا کہ وہ دال کھانا پسند کریں گے۔
رپورٹ میں پچھلے تئیس سالوں میں ملک کے اندر گوشت خوری کے رجحان کا بھی جائزہ پیش کیا گیا ہے جس کے مطابق ملک میں مرغی کا گوشت سب سے زیادہ کھایا جاتا ہے۔
جائزے میں بتایا گیا ہے کہ انیس سو تراسی سے دو ہزار آٹھ تک گوشت کی مختلف اقسام میں مرغی کے گوشت کا استعمال سب سے زیادہ بڑھا ہے جبکہ بکرے کے گوشت کے استعمال میں سب سے زیادہ کمی ہوئی ہے۔
سروے کے مطابق اس عرصے کے دوران مرغی کے گوشت کا استعمال چودہ سے بڑھ کر پینتالیس فیصد اور بڑے گوشت کا استعمال چونتیس سے بڑھ کر سینتیس فیصد تک پہنچ گیا ہے جبکہ بکرے کے گوشت کا استعمال اکاون فیصد سے کم ہوکر پندرہ فیصد رہ گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سگریٹ نوشی کے رجحان کے متعلق سروے میں رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں مردوں کی نصف آبادی کسی نہ کسی شکل میں تمباکو استعمال کرتی ہے۔ ان میں سگریٹ اور حقے کے علاوہ پان، نسوار اور گٹکا جیسی مصنوعات شامل ہیں۔’چھبیس فیصد مرد سگریٹ پیتے ہیں، گیارہ فیصد حقہ، آٹھ فیصد نسوار اور سات فیصد مرد پان استعمال کرتے ہیں۔‘
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سگریٹ نوشی کرنے والے افراد میں باون فیصد یومیہ ایک پیکٹ سے کم، اٹھائیس فیصد ایک پیکٹ اور گیارہ فیصد افراد ایک پیکٹ سے زیادہ سگریٹ پیتے ہیں۔ باون فیصد سگریٹ نوشوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ اس عادت کو چھوڑنا چاہتے ہیں لیکن ان میں سے صرف بہتر فیصد نے سگریٹ چھوڑنے کی کوشش کی۔






















