سوئی: ایف سی قافلے پر حملہ

- مصنف, عزیز اللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
- وقت اشاعت
صوبہ بلوچستان کے شہر سوئی کے قریب نامعلوم افراد نے فرنٹیئر کور کے ایک قافلے پر حملہ کیا ہے جس میں سرکاری سطح پر چار افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ مقامی لوگوں کے مطابق اس حملے میں چار اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔
سوئی سے پولیس حکام نے بتایا ہے کہ زین کوہ کے قریب فرنٹیئر کور کے اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ اس دوران بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس میں چار اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم اس بارے میں مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ سوئی سے کچھ فاصلے پر جوڈیر کے مقام پر ایف سی کی گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول دھماکہ ہوا جس کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق اس حملے میں ایف سی کے چار اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے جنہیں سوئی ہسپتال لایا گیا ہے۔
دریں اثنا اپنے آپ کو کالعدم تنظیم بلوچ ریپبلکن آرمی کا ترجمان ظاہر کرنے والے سرباز بلوچ نامی شخص نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعوٰی کیا ہے کہ اس حملے میں ایف سی کے چھ اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔


















