ہنگو میں حملہ پولیٹکل ایجنٹ زخمی

اس حملے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں
،تصویر کا کیپشناس حملے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں
    • مصنف, عبدالحئی کاکٹر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
  • وقت اشاعت

صوبہ سرحد کے ضلع ہنگو میں نامعلوم مسلح افراد نے کُرم ایجنسی کے پولٹیکل ایجنٹ کے قافلے پرحملہ کیا ہے جس میں پی اے زخمی ہوگئے ہیں۔ حملے میں نائب صوبیدار ہلاک اور تین دیگر اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کی شام کرم ایجنسی کے پولٹیکل ایجنٹ ارشد مجید اپنی فیملی کے ہمراہ سکیورٹی فورسز کے ایک قافلے میں پاڑہ چنار جارہے تھے کہ توت کس کے مقام پر ان کے قافلے پر حملہ ہوا۔

ان کے بقول حملے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آوروں پر جوابی حملہ کیا۔ ان کے مطابق اس جھڑپ میں پولٹیکل ایجنٹ معمولی زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ایک نائب صوبیدار ہلاک اور تین دیگر اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حملہ مقامی طالبان کی طرف سے کیا گیا ہے تاہم طالبان نے اس واقعہ کی تصدیق کی ہے۔

توت کس کا علاقہ کُرم ایجنسی کی سرحد پر واقع ہے اور اسی علاقے کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ماضی میں فرقہ ورانہ فسادات کے حوالے سے جتنے معاہدے ہوئے ہیں ان میں سے زیادہ تر یہاں پر فریقین کی جانب سے خلاف ورزی ہونے پر ٹوٹے ہیں۔

یاد رہے کہ کرم ایجنسی کئی سالوں سے فرقہ ورانہ فاسدات کی زد میں ہے اور یہاں پر چند ماہ قبل ہی شیعہ اور سنی رہنماؤں کے درمیان امن معاہدہ ہوا تھا لیکن کچھ عرصے سے معاہدہ پھر خطرے میں پڑ گیا ہے۔فریقین نے ایک دوسرے کے افراد کو بھی یرغمال بنا دیا ہے۔