’سکیورٹی ٹیم رپورٹ ایک ہفتے میں‘

جان سولیکی
،تصویر کا کیپشنجان سولیکی سے انفرادی انٹرویوز کے لیے اقوام متحدہ صحافیوں کی درخواستیں وصول کرے گا: ترجمان
    • مصنف, حسن مجتبٰی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نیو یارک
  • وقت اشاعت

اقوامِ متحدہ نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کے لیے قائم کمیشن کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان جانے والی پیشگي تکنیکی ٹیم آئندہ ہفتے کام مکمل کر کے واپس نیویارک پہنچ جائے گي۔

یہ بات بدھ کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفاتر میں سیکرٹری جنرل بانکی مون کی ترجمان مشل مونٹاس نے میڈیا کو معمول کی بریفنگ کے دوران بتائي۔

سیکرٹری جنرل کی ترجمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بینظیر بھٹو کے ‍قتل کی تحقیقات کی کمیشن کے لیے بھیجی جانیوالی تکنیکی ٹیم اپنا کام آئندہ ہفتے تک مکمل کر کے نیویارک آ کر اپنی رپورٹ سیکریٹری جنرل بانکی مون کو پیش کرے گي۔ تاہم ترجمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ ٹیم کی واپسی کی تاریخ نہیں بتاسکتیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ حال ہی میں اپنے اغوا کاروں کے ہاتھوں رہائي پانے والے یو این ہائی کمیشن برائے مہاجرین کا سینیئر اہلکار جان سولیکی اپنے گھر نیو جرسی پہنچ گئے ہیں اور وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں۔

مشل مونتاس نے کہا کہ فی الحال جان سولیکی اپنا وقت اپنے اہل خانہ کے ساتھ گذار رہے ہیں لیکن وہ یہ بھی سمجھتی ہیں کہ پریس ان سے ملنے اور بات کرنے کے لیے بے چین ہوگي جس کے لیے اقوام متحدہ ان سے انفرادی انٹرویوز کے لیے صحافیوں کی درخواستیں وصول کرے گا۔