جنوبی وزیرستان، امریکی ڈرون حملہ

ڈرون میزائل حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے
،تصویر کا کیپشنڈرون میزائل حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے
    • مصنف, دلاور خان وزیر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
  • وقت اشاعت

پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیارے سےداغے گئے ایک میزائل حملے میں ایک مکان اور ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔تا ھم یہ پہلا میزائل حملہ ہے جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اتوار کو گیارہ بجے کے قریب جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا سے کوئی تین کلومیٹر دور مغرب کی جانب علاقہ زیڑی نور میں ایک مقامی قبائل دائم خان گنگی خیل کے مکان پر امریکی جاسوس طیاروں سے ایک میزائل فائر کیا گیا ہے۔اس میزائل حملے میں ایک مکان اور وہاں موجود گاڑی مکمل طورپر تباہ ہوگئی ہے۔ تاھم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس مکان میں کوئی غیر ملکی رہائش پذیر نہیں تھے لیکن مقامی طالبان اور پنجاب طالبان اس مکان میں رہتے تھے۔مقامی لوگوں کے مطابق حملے سے کچھ دیر پہلے پنجابی طالبان مکان سے نکل چکے تھے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ میزائل حملے کے بعد مقامی لوگ وہاں پہنچ گئے ہیں۔ لیکن وہاں سے کسی قسم کے ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔

یاد رہے کہ اس پہلے بھی جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا میں امریکہ کی جانب سے مقامی طالبان یا عام لوگوں کے گھروں کو جاسوس طیاروں یا میزائل حملے سے نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں مقامی طالبان سمیت عام شہری بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔لیکن یہ پہلی دفعہ ہے کہ ایک میزائل حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

امریکہ کے نو منتخب صدر براک اوباما پہلے ہی یہ اعلان کر چکے ہیں کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں وہ اپنی توجہ افغانستان پر مرکوز کریں گے اور افغانستان میں امریکی فوج کی تعداد میں اضافے کا عمل شروع ہوجائے گا۔