مولن: پاکستانی فوجی قیادت سے ملاقاتیں

ایڈمرل مولن
،تصویر کا کیپشنایڈمرل مولن نے تربیلا غازی کا بھی دورہ کیا
    • مصنف, ہارون رشید
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
  • وقت اشاعت

امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ایڈمرل مائیک مولن نے پاکستانی فوجی قیادت سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

بدھ کی رات عشایہ پر فوجی سربراہ جنرل کیانی سے ملاقات کے بعد جمعرات کے روز انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ راؤ قمر سلیمان سے ملاقات کی ہے۔

ایڈمرل مولن نے جمعرات کے روز پاک فضائیہ کے سربراہ راؤ قمر سلیمان سے ائیر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں پیشہ وارانہ امور اور سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان فضائیہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ دونوں نے علیحدگی میں ملاقات کی۔ تاہم ترجمان نے جاسوس طیاروں کی فراہمی جیسے کسی موضوع پر تبادلہ خیال کے بارے میں کچھ بتانے سے گریز کیا۔

اس سے قبل اطلاعات ہیں کہ ایڈمرل مولن نے تربیلا غازی کا بھی دورہ کیا اور بعد میں وہ قبائلی علاقے بھی جائیں گے۔

یہ دو ہفتوں کے دوران امریکی فوجی اہلکار کا پاکستان کا دوسرا دورہ ہے۔ اس سے قبل وہ پاکستان اور افغانستان کے لیے صدر اوبامہ کے خصوصی ایلچی رچرڈ ہالبروک کے ہمراہ آئے تھے۔

امریکی اہلکار کی بدھ کی شام اسلام آباد آمد کے بعد سے جاری مصروفیات کے بارے میں افواج پاکستان کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں ہوا ہے۔