’فوج شدت پسندوں کا خاتمہ کرے گی‘

فوج کی نیت اور صلاحیت کے بارے میں کیے جانے والے خدشات سے مکمل آگاہ ہیں: جنرل کیانی
،تصویر کا کیپشنفوج کی نیت اور صلاحیت کے بارے میں کیے جانے والے خدشات سے مکمل آگاہ ہیں: جنرل کیانی
    • مصنف, شہزاد ملک
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
  • وقت اشاعت

پاکستان فوج کے سربراہ جنرل پرویز اشفاق کیانی نے کہا ہے کہ فوج نے تہیہ کر رکھا ہے کہ وہ شدت پسندوں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے جو عوام کے جان و مال کے لیےخطرات پیدا کرنے کے علاوہ حکومت کی عملداری کو چیلنج کرتے ہیں۔

پاکستان فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ فوج نے پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے نہ پہلے کبھی کسی قربانی سے دریغ کیا نہ آئندہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ سوات میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن روکنا پائیدار امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو فروع دینا تھا نہ کہ شدت پسندوں کو کوئی مہلت۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوراٹر میں آپریشنل اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے فوج کی نیت اور صلاحیت کے بارے میں کیے جانے والے خدشات سے مکمل آگاہ ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ فوج شدت پسندوں کو اس بات کی اجازت نہیں دے گی کہ وہ حکومت پر اپنی مرضی مسلط کرے یا معاشرے کو اپنی مرضی کے مطابق چلانے کی کوشش کرے۔

ملک کے مستقبل کے بارے میں بیرونی قوتوں کے بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت جمہوری روایات پر چل رہا ہے اور اُنہیں فوج کی حمایت حاصل ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر ملک کو کسی مشکل کا سامنا ہوا تو 17 کروڑ عوام اور پاکستانی افواج مل کر اس کا مقابلہ کریں گے۔

جنرل اشفاق پرویز کیانی کا کہنا تھا کہ شدت پسندوں کے خلاف جنگ میں کامیابی ہرصورت میں حاصل کی جائے گی۔ بیان میں آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہلاک ہونے والے سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرنے ہوئے کہا کہ اُن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا عوام کی جان ومال اور ملکی دفاع کا تحفظ ہر صورت میں کیا جائے گا۔

اُدھر ایوان صدر میں قبائلی علاقوں میں شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن اور سوات میں امن معائدے کے متعلق ایک اہم مشاورتی اجلاس جمعہ کی شب ایوان صدر میں ہوا جس کی صدارت صدر آصف علی زرداری نے کی۔ اجلاس میں آرمی چیف کے علاوہ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی نے شرکت کی۔

اجلاس میں عالمی برادری کی طرف سے پاکستان کی موجودہ امن وامان کی صورتحال کے بارے میں پائے جانے والے خدشات کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔