میران شاہ میں دھماکہ، چار افراد ہلاک

- مصنف, دلاور خان وزیر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
- وقت اشاعت
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں ایک گاڑی میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون سیمت تین بچے شامل ہیں۔
میران شاہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق شمالی وزیرستان کے تحصیل دتہ خیل کے دور دارز علاقے افغان سرحد کے قریب اسڑ مداخیل کے پہاڑی علاقوں میں ایک گاڑی کے اندر اس وقت ایک زودار دھماکہ ہوا۔جب فیض اللہ مداخیل وزیر کے خاندان والے ایک گاڑی میں اپنے رشتہ دار کے گھر سے اپنے گھر واپس لوٹ رہے تھے۔
مقامی لوگوں کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں فیض اللہ کی بیوی اور ان کے تین بچے شامل ہیں۔ واقعہ میں چار افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں علاقے کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کروادیا گیا تھا تاہم طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ان کو فارغ کردیا گیا ہے۔ مقامی انتظامیہ نے واقعہ کی تصدیق کی ہے لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ دھماکہ کیسے ہوا۔
مقامی لوگوں کے مطابق گاڑی میں سوار لوگوں کے پاس اسلحہ تھا لیکن اب یہ معلوم نہیں کہ کسی نے پہلے سےگاڑی میں بم نصب کیا تھا یا ان لوگوں کا اپنا اسلحہ ہی پھٹ گیا۔ ایک مقامی شخص نے بی بی سی کو بتایا کہ نہ تو فیض اللہ کی کسی قسم کی دشمنی ہے اور نہ ہی کسی نے گاڑی میں بم رکھاتھا۔ ان کے اپنے ایک رشتہ دار سے گاڑی میں ہینڈ گرینیڈ پھٹ گیا جس کے نتیجہ میں گاڑی بھی مکمل طورپر تباہ ہوگئی۔
یاد رہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں اسلحہ کی نمائش پر کسی قسم کی پابندی نہیں ہے۔ ہر ایک اپنی مرضی کے مطابق اسلحے کو جہاں بھی چاہے لے جاسکتا ہے۔ اس سے پہلے بھی شمالی وجنوبی وزیرستان میں ذاتی اسلحہ کے پھٹنے کے کئی واقعات ہوئے ہیں جس میں خواتین اور بچے بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔


















