ججوں کی مراعات: اضافے کی منظوری

صدرِ پاکستان نے وزیراعظم کی سفارش پر سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججوں کی مراعات میں اضافہ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ایوان صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ صدر نے سپریم کورٹ کے ججوں کے لیے ماہانہ پیٹرول الاؤنس کی حد چار سو لٹر سے بڑھا کر چھ سو لٹر اور یومیہ الاؤنس پندرہ سو سے بڑھا کر تین ہزار روپے کردیا ہے۔
ترجمان کے مطابق اس بارے میں چودہ اور پندرہ مارچ کو نوٹیفکیشن جاری کردیے گئے تھے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے ججوں کی طرح صدر نے وزیراعظم کی سفارش پر اب ہائی کورٹ کے ججوں کے لیے بھی اس طرح کی مراعات بڑھانے کی منظوری دی ہے۔
ہائی کورٹ کے جج اب ماہانہ چار سو لٹر کے بجائے پانچ سو لٹر پیٹرول حاصل کر پائیں گے۔ جبکہ ہائی کورٹ کے ججوں کا خصوصی سفری الاؤنس یومیہ بارہ سو روپوں سے بڑھا کر چوبیس سو روپے اور عام رواجی یومیہ سفری الاؤنس ایک ہزار سے بڑھا کر دو ہزار روپے کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججوں کو ’انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 ‘ کے تحت انکم ٹیکس سے بھی مستسنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ اس طرح کا استثناء صدرِ پاکستان، گورنر اور افواج پاکستان کے سربراہان کو بھی حاصل ہے۔


















