کوہاٹ: دیوار گرنے سے تین بچے ہلاک

صوبہ سرحد میں کئی ایسے سکول موجود ہیں جن کی عمارتیں خستہ حال ہوچکی ہیں
،تصویر کا کیپشنصوبہ سرحد میں کئی ایسے سکول موجود ہیں جن کی عمارتیں خستہ حال ہوچکی ہیں
    • مصنف, دلاور خان وزیر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
  • وقت اشاعت

صوبہ سرحد کے ضلع کوہا ٹ میں ایک پرائمری سکول کی چاردیواری گرنے سے ملبہ کے نیچے چار بچے دب گئے تھے جن میں سے تین کی لاشیں اور ایک کو زندہ نکال لیاگیا ہے۔ واقعہ کی وجہ دیوار کی خستہ خالی بتایا جاتا ہے۔

پولیس اہلکار مجاہد خان نے بی بی سی کو بتایا کہ منگل کو صبح آٹھ بجے کوہا ٹ شہر سے تقریباً پندرہ کلومیٹر دور جنوب کی جانب یونیں کونسل ڈوڈہ شریف کے علاقے بانڈہ دوست محمد میں ایک پرائمری سکول کی چاردیواری اس وقت گری جب سکول کے بچے دیوار کے قریب کھیل رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ چار بچے ملبہ کے نیچے دب گئے تھے جن میں سے مقامی لوگوں نے تین بچوں کی لاشیں اور ایک بچے کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔

پولیس اہلکار کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دوسری؛تیسری اور پانچویں جماعت کے بچے شامل ہیں جنہیں کوہاٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچا دیاگیا ہے۔ پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ زخمی بچے کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سکول میں کل ایک سو ساٹھ بچے زیر تعلیم ہیں۔

پولیس نے واقعہ کی وجہ سکول کی چار دیواری کی خستہ حالی بتائی گئی ہے۔لیکن پھر بھی پولیس نے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ واقعہ کے بعد کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے اور متعلقہ سکول ٹیچر بچوں کے ساتھ ہسپتال میں موجود ہیں۔

یادرہے کہ صوبہ سرحد اور پاکستان کے قبائلی علاقوں میں سینکڑوں کی تعداد میں ایسے سکول موجود ہیں جن کی عمارتیں خستہ حال ہوچکی ہیں اور کسی بھی وقت ایک بڑے حادثے کی سبب بن سکتی ہے۔