ہوائی چکی سے بجلی، منصوبے کا آغاز

- مصنف, بیورو رپورٹ
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
- وقت اشاعت
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے علاقے کلر کہار میں حکومت نے ہوائی چکی (ونڈ مل) کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کے پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کا افتتاح کیا ہے جس کے ذریعے چالیس کلو واٹ بجلی پیدا ہو گی۔
اس پراجیکٹ کا افتتاح وفاقی وزیر برائے بجلی اور پانی راجہ پرویز اشرف نے کیا۔پراجیکٹ کی تکمیل پر کلر کہار میں ایک سو ساٹھ مائیکرو ہوائی چکیاں نصب ہوں گی جن سے سو میگا واٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔
یہ پراجیکٹ چینی کمپنی سونیک کی مدد سے شروع کیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے میں صرف دو ہوائی چکیاں نصب کی گئی ہیں جنہوں نے کام شروع کردیا ہے اور ان سے چالیس کلو واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے اور اس بجلی کی ترسیل واپڈا کو کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ترکی کی کمپنی زولو انرجی صوبہ سندھ کے ضلع ٹھٹھہ میں جھمبیر کے مقام پر ایک سو تیس ملین ڈالر کی لاگت سے ہوائی چکی کے منصوبے کے پہلے مرحلے کا افتتاح بھی اسی ماہ کیا گیا ہے۔
تحقیق کے مطابق صوبہ پنجاب میں کلر کہار سے لے کر کالا باغ تک کی پٹی میں چلنے والی ہوائیں ہوائی چکیوں کے ذریعے پیدا کی جانے والی بجلی کے لیے موضوں ہیں۔
کلر کہار کے علاقے سردھی میں فی الوقت صرف دو ہوائی چکیاں نصب کی گئی ہیں جہاں پر تین چینی تکنیکی لوگ کام کر رہے ہیں۔ ان کی حفاظت کے لیے پنجاب کی ایلیٹ فورس ایگل سکواڈ معمور ہے۔
سکیورٹی پر معمور ایک اہلکار نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ ایسا ہے کہ کوئی بھی آسانی سے ’بدمعاشی‘ کرسکتا ہے اس لیے اس کی حفاظت ضروری ہے۔ ’یہ چینی لوگ بہت محنتی ہیں۔ جب یہ پول لگ رہا تھا تو بارش ہو گئی اور اس کے ساتھ ہی سارا پاکستانی عملہ اندر بھاگ گیا لیکن یہ لوگ کام کرتے رہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی






















