دیر: دس لیویز اہلکار اغوا، بازیاب

- مصنف, دلاور خان وزیر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
- وقت اشاعت
صوبہ سرحد میں پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع اپر دیر سے نامعلوم افراد نے لیویز کے جن دس اہلکاروں کو اغوا کیا تھا ان کو رہا کردیا ہے۔
اپر دیر پولیس کے سربراہ اعجاز نے بی بی سی کو بتایا کہ ان لیویز اہلکاروں کی بازیابی مقامی افراد کے ساتھ مذاکرات کے نتیجے میں عمل میں آئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات دو بجے کے قریب شہر سے کوئی دو کلومیٹر شمال کی جانب پڑاؤ شاہ لیویز چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد نے خود کار ہیتھیاروں سے فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔ البتہ چیک پوسٹ سے لیویز کے دس اہلکار لاپتہ ہوگئے تھے۔ لاپتہ ہونے والوں میں لیویز کے صوبیدار بھی شامل تھے۔
اس واقعہ کے بعد دیر خاص سے پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی تھی لیکن پولیس کے پہنچنے سے پہلے نامعلوم افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو خدشہ تھا کہ حملہ آوروں نے لیویز اہلکاروں کو اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روزصوبہ سرحد کے ضلع بونیر میں حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز کی طرف سے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں اورتوپ بردار ہیلی کاپٹروں سے بمباری کی گئی تھی۔
اس آپریشن میں پہلی مرتبہ ٹینکوں اور بھاری توپ خانے کا استعمال بھی کیا گیا تھا۔ حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ کارروائی میں طالبان کی کافی جانی نقصان کے علاوہ ان کے اہم ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا ہے لیکن آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔


















