سندھ داخلے پر پابندی

- مصنف, ارمان صابر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
- وقت اشاعت
سندھ حکومت نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے سندھ میں داخلے پر ایک بار پھر ایک ماہ کے لئے پابندی عائد کردی ہے۔ تاہم ان کی جماعت کا دعوٰی ہے کہ وہ اس پابندی کو قبول نہیں کرتے اور اتوار کے روز جب عمران خان کراچی پر پہنچیں گے تو ان کا استقبال کیا جائے گا۔
محکمۂ داخلہ سندھ کے ترجمان کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر ایک ماہ کے لئے پابندی عائد کردی ہے کہ وہ ایک ماہ تک صوبۂ سندھ میں داخل نہیں ہوسکتے ۔ محکمۂ داخلہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کا سندھ میں داخلے کے صورت میں نقضِ امن کا خدشہ ہے اور وہ ریلی نکالنا چاہتے ہیں جبکہ ریلی نکالنے پر حکومت نے پہلے ہی دفعہ ایک سو چوالیس کے تحت پابندی عائد کر رکھی ہے۔
بارہ مئی دوہزار سات کو کراچی میں اس وقت کے معزول چیف جسٹس کی کراچی آمد پر پرتشدد واقعات کے بعد تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اب تک چار بار کراچی آنے کی کوشش کی لیکن ہر بار ان کی سندھ میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی۔
تحریک انصاف سندھ کے صدر عمران اسماعیل کراچی پریس کلب میں سنیچر کی رات ہنگامی نیوز کانفرنس سے خطاب کی اور عمران خان پر پابندی کی مذمت کی اور حکومت سے سوال کیا کہ آخر وہی بتائے کہ عمران خان کے آنے سے یہاں کس طرح امن خراب ہوسکتا ہے۔
ان کے بقول ’عمران خان نے کبھی ہتھیار نہیں اٹھایا، وہ دہشتگرد نہیں ہیں، ان پر کوئی قتل، خون اور ڈکیتی کے الزامات نہیں ہیں، تو حکومت کس طرح یہ دعویٰ کرتی ہے کہ ان کے یہاں آنے سے امن و امان کو خطرہ ہوسکتا ہے۔ وہ پاکستان کے شہری ہیں اور ملک کے کسی بھی حصے میں آزادانہ طور پر جاسکتے ہیں۔‘
بارہ مئی دوہزار سات کے پرتشدد واقعات کے بعد عمران خان نے کئی بار کراچی آنے کی کوشش کی لیکن ان کے داخلے پر پابندی ہر بار حکومت سندھ نے پابندی عائد کردی۔ اس بار بھی عمران خان نے اتوار کو کراچی پہنچنا تھا تاہم ان پر پھر پابندی عائد کردی گئی لیکن تحریک انصاف سندھ کے صدر عمران اسماعیل کہتے ہیں کہ عمران خان ضرور کراچی آئیں گے اور وہ اور ان کے ساتھی عمران خان کا استقبال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 'عمران خان کراچی ضرور آئیں گے اور ان کا استقبال کیا جائے گا، حکومت نے جتنے کھیل کھیلنے تھے کھیل لیے لیکن اب یہ نہیں ہونے دیں گے، بار بار ان کی آمد پر پابندی انہیں قبول نہیں ہے۔‘
عمران اسماعیل نے کہا کہ اگر حکومت نے عمران خان کو زبردستی کراچی بدر کیا تو ان کی جماعت کراچی ائرپورٹ کے باہر پرامن احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی






















