کوئٹہ: دو پولیس اہلکار ہلاک

- مصنف, ایوب ترین
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
- وقت اشاعت
کوئٹہ میں اتوار کی شب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکاروں کو قتل کر دیا۔ واقعہ کے بعد پولیس نے شہرکی ناکہ بندی کردی ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
کوئٹہ کے گنجان آباد علاقے ارباب کرم خان روڈ پر کلی شیخان کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے موٹر سائیکل پر سوار پولیس کے دو اہلکاروں پر اس وقت اندھا دھند فائرنگ کی جب وہ ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد گھر کی طرف جارہے تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو نوں اہلکار کانسٹیبل شمشاد اور حوالدار خان گل موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
واقعہ کے بعد شہر میں ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی تاہم آخری اطلاعات تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی اورنہ ہی کسی نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
دوسری جانب پولیس نے سنیچر کی شام کومنوجان روڈ پرایک دکان پر بم حملے کے الزام میں تیس سے زیادہ مشکوک افراد گرفتار کیے ہیں جس میں تین بچوں سمیت پندرہ افراد زخمی ہوئے تھے کوئٹہ اوربلوچستان کے دیگرعلاقوں میں اس صورتحال پر بلوچستان پولیس کے سربراہ آصف نواز وڑائچ نے تشویش کا اظہارکرتے ہوئے پولیس آفسران کو متنبہ کیا ہے کہ وہ 48 گھنٹے کے اندر اندر کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں امن وامان کو بہتر بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
کچھ دنوں کی خاموشی کے بعدکوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعایات میں اضافہ ہواہے لیکن پولیس اور سیکورٹی کے دیکرادارے ابھی تک ان واقعات میں ملوث ملزما ن تک نہیں پہنچ سکے ہیں جبکہ بلوچ مزاحمت کاروں کی مسلح تنظیم بی ایل اے کی جانب سے ان واقعات میں سے اکثر کی ذمہ داری بھی قبول کی گئی ہے۔


















