کراچی: عمران خان بالآخر کامیاب

عمران خان
،تصویر کا کیپشنعمران خان کراچی پہنچنے میں کامیاب
    • مصنف, ارمان صابر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
  • وقت اشاعت

دو سال میں چار مرتبہ ناکام کوششوں کے بعد بالآخر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اتوار کی شام کراچی پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔ کراچی ایئرپورٹ پر ان کی جماعت کے کارکنوں اور راہنماؤوں نے ان کا استقبال کیا۔

کراچی ایئرپورٹ پر لوگوں کے ہجوم اور بدنظمی کی وجہ سے عمران خان اپنی آمد کے فوری بعد میڈیا سے بات نہیں کرسکے اور وہ ایئرپورٹ سے اپنی جماعت کے صدر دفتر کی جانب روانہ ہوگئے۔

عمران خان دو سال بعد کراچی آئے ہیں۔ اس سے پہلے وہ چار مرتبہ کراچی آنے کی کوشش کرچکے تھے تاہم صوبائی حکومت کی جانب سے پابندی لگائے جانے کی وجہ سے وہ یہاں نہیں آسکے تھے۔

دوسال پہلے بارہ مئی کو معزول چیف جسٹس کی آمد پر کراچی میں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے جس میں چالیس سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ ہنگامہ آرائی شروع کرنے کا الزام عمران خان نے متحدہ قومی موومنٹ پر لگایا تھا جس کی ایم کیو ایم نے سختی سے تردید کی تھی اور کہا تھا کہ وہ بھی ہنگامہ آرائی کا شکار ہوئی تھی جس میں اس کے بھی چودہ ارکان ہلاک ہوئے تھے۔

اس واقعہ کے بعد عمران خان کے خلاف کراچی شہر کی مختلف سڑکوں پر ایسے بینر آویزاں کیے گئے تھے جن پر کسی بھی جماعت کا نام نہیں تھا۔

دوسری جانب عمران خان نے ایم کیو ایم اور اس کے قائد الطاف حسین پر بعض الزامات عائد کیے تھے اور ان کے خلاف لندن میں مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس سلسلے میں وہ لندن میں اپنے وکلا سے ملے بھی تھے۔ ایم کیو ایم نے اپنے خلاف لگائے جانے والے الزامات کا بھرپور دفاع کیا تھا اور عمران خان کے اس عمل کی شدید مذمت کی تھی۔

ردعمل کے طور پر عمران خان کو کراچی میں داخلہ پر پابندی کا سامنا رہا۔ انہوں نے دو سال میں مختلف مواقع پر چار مرتبہ کراچی آنے کی کوشش کی لیکن ہر بار ان کے کراچی آنے پر پابندی یہ کہہ کر لگائی گئی کہ ان کے آنے سے نقضِ امن کا احتمال تھا۔

آخری بار عمران خان کی کراچی میں داخلے پر پابندی دو مئی کو لگائی گئی تاہم وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی ہدایت پر وزیراعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ نے جو پنجاب کے دورے پر تھے پابندی کے خاتمے کا اعلان کیا اور عمران خان کو فون پر کراچی آنے کی دعوت دی۔

عمران خان کی آمد کا مقصد بیان کرتے ہوئے تحریک انصاف سندھ کے صدر عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ عمران خان امن کا پیغام لے کر آئے ہیں۔ ان کے بقول کراچی میں بسنے والے تمام افراد چاہے وہ کوئی بھی زبان بولتے ہوں، عمران خان ان سب افراد کو امن کا پیغام دینے کراچی آئے ہیں۔