صدر زرداری کی بان کی مون سے ملاقات

صدر زرداری نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل سے  منگل کو ملاقات کی
،تصویر کا کیپشنصدر زرداری نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل سے منگل کو ملاقات کی
وقت اشاعت

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کے سکیرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات کی ہے جن سے وہ متوقع طور پر مالاکنڈ کے متاثرہ افراد کے لیے فوری امداد کی اپیل کریں گے۔

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری کو اپنے طے شدہ پروگرام کے تحت منگل کو امریکہ سے روانہ ہو جانا تھا لیکن اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات کے لیے انہوں نے نیویارک میں مزید ایک روز قیام کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ مالاکنڈ میں پاکستان فوج کی طرف شروع کیئے جانے والے آپریشن کے بعد بہت بڑی تعداد میں لوگ علاقے سے ہجرت کرکے محفوظ مقامات پر پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ امدادی اداروں میں کام کرنے والے رضا کار اسے گزشتہ پندرہ برس میں دنیا کی سب سے ہڑی ہجرت قرار دے رہے ہیں۔

سیکریٹری جنرل سے ملاقات کے دوران صدر زرداری متوقع طور پر بینظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کے لیے اقوام متحدہ کی طرف سے اعلان کردہ کمیشن کے متعلق بھی بات کریں گے۔

وزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ نےصدر آصف زرداری کو برطانیہ کے وزیر اعظم گورڈن براؤن کا پیغام بھی پہنچایا
،تصویر کا کیپشنوزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ نےصدر آصف زرداری کو برطانیہ کے وزیر اعظم گورڈن براؤن کا پیغام بھی پہنچایا

قبل ازیں فرانس او برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کے صدر آصف علی زرداری سے نیویارک میں ملاقات کی ہے اور انہیں پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پالیسوں کی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔

یہ بات پیر کے روز اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہی گئی ہے۔

پاکستانی مشن کے پریس قونصلر کے بیان کے مطابق، فرانس کے وزیر خارجہ برنارڈ کوشینیر نے نیویارک میں پاکستان کے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کےلیے پاکستان کی پالیسیوں کی حمایت کا یقین دلایا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے عالمی برداری سے امید ظاہر کی ہے کہ وہ پاکستان کی دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف جنگ میں اس کی پالسییوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

پاکستانی مشن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ، بقول پاکستانی مشن کے پریس قونصلر، برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے وزیر اعظم گورڈن براؤن کی طرف سے پاکستان کے صدر کو یقین دلایا ہے کہ برطانیہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی جنگ میں پاکستانی عوام اور اس کی حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔