مہمند ایجنسی: دھماکے میں دو ہلاک

- مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
- وقت اشاعت
قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں ایک سکیورٹی اہلکار سمیت دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
مہمند ایجنسی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی صبح مہمند اور باجوڑ ایجنسی کے سرحدی علاقے دربانڑو میں پیش آیا۔ مہمند ایجنسی کے ایک اعلٰی اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ ایک مبینہ عسکریت پسند دربانڑو سکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب بم نصب کر رہا تھا کہ اس دوران سکیورٹی اہلکاروں نے اس پر فائرنگ کردی جس سے عسکریت پسند موقع ہی پر مارا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے وہاں نصب بم پھٹنے سے قریب کھڑے ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگیا۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اہلکار بم ناکارہ بنانے کی کوشش کررہا تھا کہ اس دوران ایک دھماکہ ہوا جس سے وہ ہلاک ہوگیا۔
مہمند ایجنسی میں گزشتہ کئی ہفتوں سے حالات کشیدہ ہیں اور سکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان فائرنگ ایک معمول بن گیا ہے۔
گزشتہ روز بھی سکیورٹی فورسز نے خپک پوسٹ پر افغانستان سے آنے والے سات مبینہ جنگجوؤں کو گرفتار کر لیا تھا جن میں حکام کے مطابق لبیا اور سعودی عرب کے پانچ باشندے شامل تھے۔ بعدازاں گرفتار ہونے والے افراد کو ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سامنے بھی پیش کیا گیا تھا۔


















