متاثرین: سندھ میں داخلے پر پابندی

جمعے کی دوپہر ان افراد کی رجسٹریشن اور  کراچی جانے کی اجازت کے احکامات آئے: کشمور پولیس
،تصویر کا کیپشنجمعے کی دوپہر ان افراد کی رجسٹریشن اور کراچی جانے کی اجازت کے احکامات آئے: کشمور پولیس
    • مصنف, نثار کھوکھر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، سکھر
  • وقت اشاعت

سندھ میں کشمور پولیس نے مالاکنڈ سے آنے والی ان مسافر گاڑیوں کو کراچی جانے کی اجا زت دے دی ہے جن میں فوجی آپریشن کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والے لوگ سوار تھے اور سندھ پولیس نے انہیں پنجاب سے سندھ کی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا تھا۔

کشمور تھانے کے انچارج افسر محمد پناہ بھٹو نے بی بی سی کوبتایا ہے کہ اعلٰی حکام کی ہدایات پر انہوں نے رات بھر سے بائیس کے قریب بسوں کو سندھ میں داخل ہونے سے روک دیا تھا اور وہ مسافر ڈیرہ موڑ پر کراچی جانے کے منتظر رہے۔

پولیس افسر کے مطابق بعد میں جمعے کی دوپہر کو احکامات ملے کہ مالاکنڈ کی بسوں میں سوار لوگوں کی پہلے رجسٹریشن کی جائے اور بعد میں انہیں کراچی جانے کی اجازت دی جائے۔

کشمور پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی سب کو بائیس کے قریب ایسی مسافر بسوں کو انڈس ہائی وی پر سندھ پنجاب کی سرحد پر روک دیا تھا جن میں مالاکنڈ کے فوجی آپریشن کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والے لوگ سوار تھے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بسوں میں عورتیں اور بچے بھی سوار تھے۔

کشمور کے راستے سندھ میں داخل ہونے کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے بعض بس ڈرائیوروں نے گھوٹکی کے راستے سندھ میں داخل ہونےکی کوشش کی مگر گھوٹکی پولیس نے انہیں منع کردیا۔

یاد رہے کہ سندھ میں کشمور اورگھوٹکی ضلع کی حدود پنجاب کی حدود سے متصل ہیں۔ اور بلوچستان کے سوا باقی پاکستان سے آنے والے مسافر ان دو اضلاع کی حدود پار کرنے کے بعد سندھ میں داخل ہوسکتے ہیں۔

کشمور پولیس کا کہنا ہے کہ نئے احکامات کی روشنی میں انہوں نے مالاکنڈ اور سوات سے آنے والے لوگوں کی رجسٹریشن شروع کردی ہے۔ پولیس افسران کے مطابق ڈیرہ مور پولیس چوکی پر ایک رجسٹر رکھا گیا ہے جس میں بسوں کی تعداد اور مسافروں کی تعداد لکھی جاتی ہے۔

رجسٹریشن میں مالاکنڈ کے مسافروں کے قومی شناختی کارڈ نمبر، سندھ میں ان کے رشہ داروں کا پتہ، گاڑی کے ڈرائیور کا نام اور نمبر بھی درج کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب سندہ کی وزیر اطلاعات شازیہ مری کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے سوات متاثرین کو اپنے آبائی علاقوں کے قریب کیمپوں میں رکھنے کا اعلان کیا ہے اور اس وجہ سے سندھ میں ان کا داخلہ نہیں ہوگا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت متاثرین کی بھرپور مدد کر رہی ہے اور سندھ حکومت بھی امداد میں اپنا حصہ ضرور دے گی۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل صوبائی حکومت نے سوات متاثرین کے لیے کراچی ٹو پلازہ کے قریب کیمپ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا مگر بعد میں کشمور اورگھوٹکی پولیس کو احکامات جاری کیے گئے کہ مالاکنڈ کی بسوں کا سندھ میں داخلہ بند کیا جائے۔

سندھ حکومت کے ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی سے وابستہ صوبائی وزراء نے بھی مالاکنڈ سے نقل مکانی کرنے والوں کی سندھ میں آبادکاری کی مخالفت کی ہے اور خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس طرح کی منظم آبادکاری سے صوبے کے اصل مکین سندھی تیزی سے اقلیت میں بدل جائیں گے۔