کوٹری: اے این پی کارکن ہلاک

سندھ میں رینجرز(فائل فوٹو)
    • مصنف, علی حسن
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، حیدر آباد
  • وقت اشاعت

کوٹری کے صنعتی علاقے میں نامعلوم افراد کے دھماکہ خیز مادہ پھینکنے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور دس افراد زخمی ہو گئے۔

یہ واقعہ کوٹری میں پولس پوسٹ کے سامنے واقع گھر میں اتوار کو رات کے وقت ہوا ہے۔ کوٹری میں اس وقت یہ صوبہ سندھ کا سب سے بڑا صنعتی علاقہ ہے۔ گھر میں اس وقت عوامی نیشنل پارٹی سے وابستہ لوگ اپنا ایک اجلاس کر رہے تھے ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اسے صورتحال کا صحیح اندازہ اس لیے نہیں ہے کہ واقعہ کے فوری بعد جب پولس پہنچی تو لوگ غصے میں تھے اور کوئی بات کرنے پر آمادہ نہیں تھا۔ پولیس افسر اعجاز سومرو کا کہنا تھا کہ لوگوں نے پولس کی گاڑی پر بھی پتھراؤ کیا اور گاڑی کے شیشے توڑ دیے۔

لوگوں نے احتجاج میں حیدرآباد کراچی سے براستہ ٹھٹہ ملانے والی قومی شاہراہ بھی بند کردی تھی۔

زخمیوں کو کوٹری کے تعلقہ ہسپتال اور حیدرآباد کے لیاقت ہسپتال روانہ کیا گیا جہاں ڈاکٹر شدید زخمیوں کی جان بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔

اس واقعہ میں جنرل سیکرٹری اقبال بھی زخمی ہوئے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ میٹنگ ختم ہونے سے چند منٹ قبل یہ واقعہ پیش آیا۔ اسی دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی ہو گئی جس کے نتیجے میں ملزمان آسانی کے ساتھ فرار ہو گئے۔

کوٹری میں دو ماہ قبل بھی پختون برادری کی دوکانوں پر حملہ کیا گیا تھا جس میں آگ لگانے والا مادہ پھینک کر دوکانوں کا آگ لگائی گئی تھی۔