میانوالی: ’دہشت گرد گرفتار‘

- مصنف, عباد الحق
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
- وقت اشاعت
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر میانوالی میں پولیس نے دو دہشت گردوں کو بھاری اسحلہ سمیت گرفتار کرنے کا دعویْ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار کیے جانے والے دہشت گردوں کا نام عبداللہ عرف غزالی اور سلیم زمان ہے۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر میانوالی کو یہ اطلاع ملی کہ ڈیرہ ازارن عالم خان پر کچھ دہشت گرد آئے ہیں جو چینی انجیئنروں کے اغوا کا منصوبہ بنا رہے ہیں اور بروقت کارروائی کی جائے تو وہ پکڑے جاسکتے ہیں۔
پولیس نے اس اطلاع پر مذکورہ جگہ پر چھاپہ مارا جس پر بقول پولیس کے دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے پولیس پر ہیڈگرینڈ، راکٹ لانچر کے گولے چلائے اور ایل ایم جی کا بھی استعمال کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی فائرنگ پر جوابی فائرنگ کی گئی اور کافی دیر جاری رہنے والے مقابلے کے بعد دو دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ پانچ دہشت گرد جنگل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھاگ کر دریائے سندھ میں چھلانگیں لگاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق فرار ہونے والے نادر عبداللہ، شیر عباس، ضیاء اللہ ،عبدالحیْ، اور ابوعبیدہ شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے جو اسحلہ برآمد ہوا ہے اس میں گیارہ ہینڈ گرینڈ، ایک راکٹ لانچر مشین ، آٹھ راکٹ گولے، آٹھ فیوز، دو ڈنگر رائفل ، ایک ایل ایم جی ، ایک کلاشنکوف اور ایک ہزار کے قریب کارتوس شامل ہیں۔


















