یو این اپیل: ’صرف اکیس فیصد فنڈ آئے‘

فریقین بین الاقوامی قوانین کا احترام کریں اور شہریوں کی زندگیوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کریں: اقوام متحدہ
،تصویر کا کیپشنفریقین بین الاقوامی قوانین کا احترام کریں اور شہریوں کی زندگیوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کریں: اقوام متحدہ
    • مصنف, حسن مجتبیٰ
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نیو یارک
  • وقت اشاعت

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ پانچ سو ملین ڈالر کی امداد کی اپیل کے بعد اب تک عالمی برادری نے محض اکیس فی صد فنڈ مہیا کیے ہیں جو کہ مطلوبہ ہنگامی رقم سے بہت کم ہے۔

اقوام متحدہ کے انسانی امور کے متعلق انڈر سیکرٹری جان ہومز نے کہا اگر عالمی برادری کی طرف سے مطلوبہ امدادی رقم کی ترسیل میں تعطل برقرار رہا تو عالمی ادارہ اور امدادی ایجنسیاں دو ماہ سے زیادہ اپنی کارروائیاں جاری نہیں رکھ سکیں گے۔

جان ہومز نے پاکستان کے شورش زدہ صوبہ سرحد میں فوج اور طالبان کے درمیاں لڑائي کے نتیجے میں تیس لاکھ افراد کی نقل مکانی کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے عالمی برداری پر زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی پانچ سو ملین ڈالر کی امداد کی اپیل کے جواب میں پاکستان کی فوری امداد مہیا کرئے۔

ادارہء اقوام عالم نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کا احترام کریں اور شہریوں کی زندگیوں کو ہر ممکن طور تحفظ فراہم کریں۔

جمعرات کے روز اقوام متحدہ کے ممبر ممالک اور بعد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے جان ہومز نے کہا ہے کہ دو مئي سے اب تک انیس لاکھ لوگ ملک کے اندر نقل مکانی کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال نقل مکانی کرنے والے پانچ لاکھ افراد ان کے علاوہ ہیں۔ جان ہومز نے بتایا ہے کہ بیس لاکھ سے زائد متاثرین میں سے صرف دس فیصد متاثرین کیمپوں میں رہ رہے ہیں جبکہ باقی متاثرہ افراد رشتہ داروں کے گھروں اور سکولوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔

جان ہومز نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ اب تک لوگ سوات کی وادی میں موجود ہیں لیکن انہیں صحیح تعداد کا علم نہیں ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کے پاس لڑائی میں ہلاک ہونے والے فوجی اور طالبان کے اعداد و شمار موجود نہیں۔