کشمیر میں مشتبہ افراد کی گرفتاریاں

مشتبہ افراد گرفتار (فائل فوٹو)
،تصویر کا کیپشنگرفتاریوں کے بارے میں مقامی انتظامیہ اور پولیس کو لا علم رکھا گیا: ذرائع (فائل فوٹو)
    • مصنف, ذوالفقار علی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، مظفرآباد
  • وقت اشاعت

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع میر پور میں ایک درجن مشتبہ افراد کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے حراست میں لے لیا ہے۔ مقامی حکام اس واقعہ کے بارے میں بات کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے شہر میں دو مختلف مقامات، کھمبال اور خالق آباد، سے ایک درجن کے قریب مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے افراد حلیے سے پشتون لگتے تھے جو صوبہ سرحد اور مختلف قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشن کے بعد یہ میرپور منتقل ہوگئے تھے۔

اہم سرکاری ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ حراست میں لیے جانے والے افراد کا تعلق صوبہ سرحد سے ہے۔

لیکن انہوں نے ان بارے میں تفصیل بتانے سے گریز کیا۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس کاروائی کے بارے میں مقامی انتظامیہ اور پولیس کو لا علم رکھا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ سرحد اور قبائلی علاقوں میں طالبان کے خلاف فوجی آپریشن کے بعد پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے روائیتی داخلی راستوں پر سکیورٹی نسبتاً بڑھا دی گئی ہے۔