اسلام آباد: حفاظتی انتظامات سخت

- مصنف, آصف فاروقی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
- وقت اشاعت
مالاکنڈ ڈویژن میں جاری فوجی کارروائی کے ممکنہ ردعمل کو روکنے کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
شہر کے اندر آنے والے راستوں کی نگرانی کے لیے پنجاب کی ایلیٹ فورس کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں جو کسی بھی گاڑی کو اپنی نظروں سے گزرے بغیر اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہے۔
ایلیٹ فورس کے یہ دستے ان تمام راستوں پر تعینات کیے گئے ہیں جو اسلام آباد میں داخل ہونے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ دارالحکومت کے خصوصی حفاظتی ریڈ زون کے اطراف بھی ان پولیس کمانڈوز کو تعینات کیا گیا ہے۔
شاہراہ دستور اور اس کے قرب و جوار میں اہم سرکاری عمارات کے گرد قائم خصوصی ریڈ زون کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا کام گزشتہ روز ہی سے شروع کر دیا تھا۔ اسلام آباد کی پولیس نے رینجرز اور پنجاب کی ایلیٹ پولیس کی مدد سے ریڈ زون کے اطراف نئے بنکرز تعمیر کرنے شروع کردیے تھے۔
سوموار کی صبح اس ریڈ زون کے اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھی جا سکتی تھیں۔
اسلام آباد میں صبح کے وقت بڑی تعداد میں راولپنڈی اور دیگر قریبی شہروں سے لوگ ملازمتوں کی غرض سے آتے ہیں اور ان نئے اقدامات کے باعث شہر کے اندر داخل ہونے والی تمام سڑکوں پر بھی گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھی گئیں جو بعض مقامات پر کئی کلومیٹر طویل ہو چکی تھیں۔
واضح رہے کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب مشیر داخلہ رحمٰن ملک نے اسلام آباد کی سڑکوں پر گشت کر کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا تھا جس کے بعد شہر کی سکیورٹی بڑھائی جا رہی ہے۔
تحریک طالبان کے ایک راہنما نے گزشتہ ہفتے لاہور میں پولیس اور آئی ایس آئی کے دفاتر پر خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اسلام آباد سمیت متعدد شہروں میں اسی نوعیت کی کارروائیاں کرنے کی دھمکی دی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی






















