وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون پر مقدمہ

- مصنف, عبادالحق
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
- وقت اشاعت
وزیراعلیْ پنجاب کے معاون اور مسلم لیگ نون کے رکن پنجاب اسمبلی منور احمد گل کے خلاف ایک خاتون سے زیادتی کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس نے یہ مقدمہ لاہور کی ایک خاتون طاہرہ پروین کی اس درخواست پر درج کیا ہے جس میں یہ الزام عائد کیا گیا کہ رکن اسمبلی منور گل نے درخواست گزار خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔
یہ مقدمہ منگل کی رات لاہور کے نصیر آباد پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔
منور احمد گل کا تعلق ضلع سیالکوٹ سے ہے اور وہ پسرور کے صوبائی حلقہ ایک سو ستائیس سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔
متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ اس کی بہن کا اراضی کا تنازع تھا اور اسی سلسہ میں منور گل سے مسئلے کے حل کے لیے بات ہوئی۔خاتون کے بقول منور گل نے خود ان کو فون کیا تاکہ دوسرے فریق سے بات کرکے تنازعہ حل کرادیا جائے۔طاہرہ پروین کا کہنا ہے کہ جب وہ منور گل کے پاس پہنچیں تو وہاں رکن صوبائی اسمبلی نے اس کے ساتھ بدتمیزی اور پھر اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ خاتون نے بتایا کہ ان کا طبی معائنہ ہوگیا ہے تاہم انہیں اس بات کا خدشہ ہے کہ میڈیکل رپورٹ کو تبدیل کردیا جائے گا کیونکہ پولیس پر بہت زیادہ دباؤ ہے۔
ادھر وزیر قانون رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ خاتون سے زیادتی کے معاملے کی میرٹ پر چھان بین کی جائے گی۔
خیال رہے کہ چند روز قبل وزیراعلیْ پنجاب نے مسلم لیگ نون کے رہنما اور صوبائی وزیر جیل خانہ جات چودھری غفور کو صوبائی وزیر کے عہدے پر کام کرنے سے روک دیا تھا کیونکہ ان کے خلاف الزام تھا کہ انہوں نے لاہور کے ہوائی اڈے پر عملے سے بدتمیزی کی اور اپنے واقف مسافر کے سامان کی تلاشی نہیں ہونے دی۔ اس معاملے پر تین کمیٹی اپنی تحقیقات کررہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی






















