جنوبی وزیرستان: چار فوجی ہلاک

- مصنف, دلاور خان وزیر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
- وقت اشاعت
پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں ایک بارودی سرنگ کے دھماکہ میں چار فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔
زخمیوں میں ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہیں جنہیں جنڈولہ سکاؤٹس ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق جمعہ کو ایک بجے کے قریب ایک فوجی قافلہ نیم قبائلی علاقے جنڈولہ سے جنوبی وزیرستان کے علاقے سپنکئی راغزئی جا رہا تھا کہ ٹیک اعظم پیکٹ کے مقام پر ایک گاڑی ایک بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں چار سکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق دھماکے میں ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ جبکہ کچھ دوسری گاڑیوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق جنوبی وزیرستان سے ملنے والی ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان شاہراہ بدستور بند ہے۔ جس کی وجہ سے ٹانک ڈیرہ اسمعیل خان جانے والے لوگ دور داراز پہاڑی راستوں سے جانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ جنوبی وزیرستان میں گزشتہ چار ہفتوں سے حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔ دو ہفتے پہلے بیت اللہ محسود کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے فوجی دستے ٹینکوں کی مدد سے جنوبی وزیرستان میں داخل ہوگئے تھے۔


















