مالاکنڈ آپریشن: سات شدت پسند ہلاک

فوجی
،تصویر کا کیپشنقانون نافذ کرنے والے اداروں نے براہ بانڈئی اور شاہ ہنڈ بانڈئی میں کاروائیاں کی ہیں
    • مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
  • وقت اشاعت

پاکستان فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ سرحد کے مالاکنڈ ڈویژن میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ہونے والی جھڑپوں میں سات شدت پسند مارے گئے ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی طرف سے پیر کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سوات کے علاقے چارباغ میں سکیورٹی فورسز نے مقامی لوگوں کی اطلاع پر سرچ آپریشن کے دوران تین شدت پسندوں کو ہلاک کردیا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے براہ بانڈئی اور شاہ ہنڈ بانڈئی میں کاروائیاں کی ہیں اور دم غر سر سے رابطے بحال کردیئے ہیں جبکہ اس دوران ہونے والی ایک جھڑپ میں ایک عسکریت پسند مارا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع بونیر کے علاقے امبیلہ میں بھی سکیورٹی فورسز اور مسلح شدت پسندوں کے مابین ہونے والی فائرنگ کے تبادلے میں تین شدت پسند مارے گئے۔ فوج کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک کمانڈر غلام خالق، دھماکہ خیز مواد بنانے کا ماہر سلیم اور شیر زاد شامل ہیں۔

ادھر چیف آف ارمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور فضائیہ کے سربراہ راؤ قمر سلیمان نے پیر کو سوات کا ایک مختصر دورہ کیا۔

سرکاری بیان کے مطابق مسلح افواج کے سربراہان نے فیلڈ کمانڈروں سے ملاقات کی اور ان سے سوات میں جاری فوجی کاروائیوں کے حوالے سے بات چیت کی۔ اس موقع پر دونوں اعلی اہلکاروں کو کمشنر مالاکنڈ ڈویژن کی جانب سے ایک بریفنگ بھی دی گئی جس میں بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔