لاہور، راولپنڈی میں الیکشن ملتوی

الیکشن کمیشن آف پاکستان
،تصویر کا کیپشنحلقہ این اے 123 میں تیس جون جبکہ راولپنڈی کے حلقہ این اے 55 میں تین جولائی کوانتخابات ہونے تھے
وقت اشاعت

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے لاہور کے حلقہ این اے 123 اور راولپنڈی کے حلقہ 55 میں ہونے والے ضمنی انتخابات ملتوی کر دیے ہیں۔

لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 123 میں تیس جون جبکہ راولپنڈی کے حلقہ این اے 55 میں تین جولائی کوانتخابات ہونے تھے۔

خیال رہے کہ حلقہ این اے ایک سو تئیس سے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ پنجاب حکومت کی تحریری درخواست پر کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے امن وامان کی صورتحال کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔

لاہور سے بی بی سی کے نمائندے علی سلمان کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ کی جانب سے حکومت پنجاب کو مطلع کیا گیا ہے کہ آئی ایس آئی اور ریسکیو 15 کے دفتر پر حالیہ خود کش حملے کے بعد لاہور فیصل آ باد اور راولپنڈی کے علاوہ متعدد شہروں کو خودکش حملہ آور نشانہ بنا سکتے ہیں اور اسی بنیاد پر صوبائی سکیورٹی اداروں نے موجودہ حالات میں انتخابات کے انعقاد کو سکیورٹی حوالے سے مشکل قرار دیا ہے۔

راولپنڈی کی حلقہ این اے 55 کی نشست مسلم لیگ نواز کے رکن اسمبلی حاجی پرویز خان کے مستعفی ہونے کی وجہ سے خالی ہوئی ہے۔ حاجی پرویز خان پر انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں جعلسازی کا الزام ثابت ہونے کے بعد ان کی جماعت نے ان سے استعفٰی لےلیا تھا۔اس حلقے سے اٹھارہ فروری کے انتخابات میں مسلم لیگ نواز کے جاوید ہاشمی نے شیخ رشید کو شکست دی تھی اور بعد میں جب جاوید ہاشمی نے یہ نشست چھوڑ دی توضمنی انتخاب میں حاجی پرویز کامیاب ہوئے۔

قومی اسمبلی کےحلقہ این اے 123 میں ضمنی انتخابات پی سی او کے تحت معرض وجود میں آنے والی سپریم کورٹ کے احکامات پر ملتوی کیے گئے تھے۔ اور اب یہاں عدالت کی جانب سے نواز شریف کو انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت دیے جانے کے بعد پرانی انتخابی فہرستوں کے لحاظ سے ہی الیکشن ہونا ہے۔