بلوچستان پر اے پی سی جلد:گیلانی

وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی
،تصویر کا کیپشنوزیراعظم نے درمیانی مدت کے انتخابات کے امکان کو سختی سے رد کیا ہے
    • مصنف, ایوب ترین
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
  • وقت اشاعت

وزیراعظم سیدیوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام میں پائی جانے والی محرومیوں کاازالہ کرنے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس جلد بلائی جائے گی تاکہ صوبے کے مسائل کے سیاسی حل کے لیے مقامی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جا سکے۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ کے ایک روزہ دورے کے موقع پر کہی۔

وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی نے کوئٹہ میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن کے مسئلے پر بلائی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس کے موقع پر سیاسی قیادت نے بلوچستان کے مسئلے پر بھی اے پی سی بلانے کی تجویز دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان کے مسئلے کے لیے پارلیمان کے دونوں ایوانوں پر مشتمل ایک کمیٹی رضا ربانی کی قیادت میں قائم کی ہے جو وفاقی وزیر بابر اعوان کی قیادت میں پہلے سے قائم کمیٹی کے ساتھ مشاورت کرے گی اور تمام سیاسی جماعتوں اور قبائلی رہنماؤں کو اعتماد میں لے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ کمیٹی اپنا ہوم ورک مکمل ہونے کے بعد ہی آل پارٹیز کانفرنس طلب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان کا مسئلہ حل ہو، ہم کوئی بھی اقدام سوچ سمجھ کر اور سنجیدگی سے اٹھائیں۔‘ انہوں نے کہا کہ انہیں بلوچستان کی محرومیوں کا پوری طرح احساس ہے اور ہم تجاویز کے بعد بلوچستان کے تمام طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والوں سے بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے بھی بلوچستان کے عوام کی احساس محرومی ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں اور مزید اقدامات کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ پراُمید ہیں کہ بلوچستان کے مسئلے کا جلد حل نکلے گا۔

اس سے قبل سٹاف کالج میں فوجی افسران اور وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں بلوچستان کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سکیورٹی اور معیشت دو بڑے چیلنج ہیں جنہیں اہمیت دینے کی ضرورت ہے۔