جھڑپوں میں دس فوجی ہلاک

پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ صوبہ سرحد کے ضلع سوات میں سکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان ہونے والی تازہ جھڑپوں میں دس فوجی اہلکار ہلاک اور چوبیس زخمی ہوگئے ہیں۔ فوج نے انتالیس طالبان کو ہلاک کرنے کا دعوی بھی کیا ہے۔
پاکستانی فوج کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلی جھڑپ سوات کے چپریال کے علاقے میں ہوئی ہے جس میں آٹھ فوجی ہلاک اورتیرہ زخمی ہوگئے ہیں۔ بیان میں دعوی کیا گیا ہے کہ جھڑپ کے دوران انتالیس طالبان بھی مارے گئے ہیں جنکی لاشیں فوج کے دعوی کے مطابق اب بھی وہیں پڑی ہوئی ہیں۔
اسکے علاوہ فوج کا کہنا ہے کہ کبل میں بھی جھڑپ ہوئی جس میں دو فوجی ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے ہیں تاہم طالبان کی ہلاکتوں کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
فوج نے بیان میں یہ دعوی بھی کیا ہے کہ انہیں شالو سر اور پیوچار میں ایک تازہ اجتماعی قبر ملی ہے جس میں طالبان کو دفنایا گیا ہے لیکن تعفن کی وجہ سے اس بارے میں مزید تفصیلات اکھٹی نہیں کی جاسکی ہیں۔فوج کے مطابق چہار باغ میں بھی سکیورٹی فورسز پر حملہ ہوا ہے جس میں تین اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
پاکستانی فوج کی جانب سے جاری ہونے والے ان دعووں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے اور نہ ہی طالبان کا مؤقف سامنے آسکا ہے۔


















