ڈرون حملہ، کم از کم نو ہلاک

ڈرون
،تصویر کا کیپشنچند روز پہلے ہی پاکستان نے بیت اللہ محسود کے خلاف کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے
    • مصنف, دلاور خان وزیر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
  • وقت اشاعت

پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں ایک مکان پر امریکی جاسوس طیارے کے میزائل حملوں میں کم از کم نو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق ہلاک ہونے والے نذیر گروپ کے مقامی طالبان بتائے جاتے ہیں۔جن میں کوئی اہم شخصیت شامل نہیں ہے۔

مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز صبح دس بجے کے بعد جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا سے بارہ کلومیٹر دور مغرب کی جانب شاہ عالم کے علاقے غورلامہ میں امریکی جاسوس طیارے سے دو میزائل فائر کیے گئے جس کے نتیجے میں نو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کوئی غیر ملکی یا عرب شامل نہیں تھا اور میزائل حملہ جس مکان پر ہوا وہاں مقامی طالبان موجود تھے۔

میزائل حملے میں مکان مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور مقامی لوگوں نے ملبے سے پانچ لاشوں کو نکالا ہے۔ لوگوں کے مطابق طالبان نے غورلامہ جانے والے راستوں کو بند کیا ہوا ہے اور کسی کو وہاں جانے کی اجازت نہیں ہے۔

یہ میزائل حملہ ایک ایسے موقع پر ہوا ہے جب پاکستان نے بیت اللہ محسود کے خلاف جنوبی وزیرستان میں بھر پور کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے۔چند مہینے پہلے بیت اللہ محسود اور ملا نذیر کا اتحاد ہوا تھا لیکن اب شاید بیت اللہ کے خلاف موجودہ آپریشن میں ملا نذیر شامل نہ ہوجائے۔

یاد رہے کہ اس پہلے بھی جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا میں امریکہ کی جانب سے مقامی طالبان یا عام لوگوں کے گھروں کو جاسوس طیاروں یا میزائل حملے سے نشانہ بنایا گیا ہے جس میں مقامی طالبان سمیت عام لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔