عبداللہ شاہ غازی مزار زائرین کیلیے بند

- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
- وقت اشاعت
کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع عبداللہ شاہ غازی کے مزار کو سکیورٹی خدشات کی بناء پر زائرین کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
اس مزار پر روزانہ زائرین کی ایک بہت بڑی تعداد یہاں آتی ہے جبکہ جمعرات کو میلے جیسا سماں ہوتا ہے۔
کراچی پولیس کے سربراہ وسیم احمد کا کہنا ہے کہ ان کے محکمے کو اطلاع ملی ہے کہ شرپسند بزرگوں کے مزاروں پر تخریب کاری کا ارادہ رکھتے ہیں۔
پولیس کی اطلاع پر محکمہ اوقاف نے مزار کو بند کردیا ہے۔ اس سے قبل مزار کے احاطے میں تلاشی لی گئی۔ یاد رہے کہ مزار کے داخلے پر واک تھرو گیٹ موجود ہیں مگر وہ ناکارہ ہوچکے ہیں۔
صوبائی وزیر محکمہ اوقاف عبدالحسیب بیگ کا کہنا ہے کہ جمعرات کو خودکش حملے کی اطلاعات تھیں اور چونکہ اس روز زائرین کی ایک بہت بڑی تعداد وہاں موجود ہوتی ہے اور انسانی جانوں بچانے کے لیے زائرین کے داخلے پر تاحکم ثانی پابندی عائد کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جب تک صورتحال معمول پر نہیں آتی اور اس بات کی تصدیق نہیں ہوتی کہ اب کوئی خطرہ نہیں ہے اس وقت مزار زائرین کے لیے بند رہے گا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں محکمے کی زیر نگرانی تمام مزارات میں ملازمین کو خاص طور پر ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ مشکوک لوگوں پر نظر رکھیں اور محکمہ داخلہ کو بھی تحریری طور پر آگاہ کیا گیا ہے کہ سکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔
خیال رہے کہ تیرہویں صدی کے بزرگ عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے قریب روس کا سفارتخانہ بھی موجود ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی






















