ملک بھر میں بینظیر کی سالگرہ کی تقریبات

- مصنف, نثار کھوکھر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاڑکانہ
- وقت اشاعت
پاکستان کی سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی 56 ویں سالگرہ کی تقریبات ملک بھر میں منائی جا رہی ہیں۔ پیپلزپارٹی کے کارکنان کراچی، لاہور اور راولپنڈی سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بینظیر بھٹو کی تصویر کے سامنے موم بتیاں جلا کر اور خون کے عطیات دے کر ان کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب لاڑکانہ قریب بینظیر بھٹو کے آبائی قبرستان گڑھی خدابخش بھٹو میں پیپلزپارٹی کے کارکنان اور راہنماؤں کی آمد کا سلسلہ گزشتہ رات سے جاری ہے۔ قومی اسمبلی کی سپیکر فہمیدہ مرزا اور سابق وفاقی وزیراطلاعات شیری رحمان سمیت پیپلزپارٹی کے راہنماؤں نے بینظیر کی قبر پر حاضری دی ہے اور پھول چڑھائے ہیں۔
بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے سلسلے میں اتوار کی صبح گڑھی خدا بخش بھٹو میں ان کی قبر پر قرآن خوانی کی گئی ہے۔ جبکہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی اپیل پر کارکنان اپنے خون کے عطیات جمع کروا رہے ہیں۔
پیپلزپارٹی کے ایک ترجمان کے مطابق بینظیر کی سالگرہ کے دن ملک بھر سے جمع ہونے والےخون کےعطیات مسلح افوج کے ان جوانوں کے حوالے کیے جائیں گے جو مالاکنڈ فوجی آپریشن میں مصروف ہیں۔
پیپلزپارٹی کے ترجمان کے مطابق بینظیر بھٹو کی سالگرہ کی مرکزی تقریب نوڈیرو ہاؤس میں منعقد کی جائےگی۔ جہاں صدر آصف علی زرداری اپنی بیوی اور جماعت کی مقتول سربراہ کی سالگرہ کا کیک کاٹیں گے۔
سندھ کی وزیراطلاعات شازیہ مری کا کہنا ہے کہ بینظیر سالگرہ کی مرکزی تقریب شام چھ بجے کے بعد نوڈیرو ہاؤس میں شروع ہوگی جہاں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور صدر پاکستان آصف علی زرداری اجتماع سے خطاب کریں گے۔
گڑھی خدابخش بھٹو اور نوڈیرو میں پیپلزپارٹی کے کارکنان اور راہنماؤں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جو بینظیر کی حمایت میں نعرے لگا رہے ہیں۔ بینظیر کی قبر پرحاضری دینے والے اکثر کارکنان جن میں خواتین بھی شامل ہیں، ان کی آنکھوں میں آنسو ہیں اور وہ بینظیر کی قبر پر قرآن خوانی کر رہے ہیں۔


















