بم حملے میں تین پولیس اہلکار زخمی

- مصنف, عباد الحق
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
- وقت اشاعت
حکام کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کے علاقے حاجی آباد کے ایک گھر میں چھپے مبینہ دہشت گردوں نے دستی بموں سے حملہ کر کے تین پولیس اہلکاروں کو زخمی کر دیا۔
جمعرات کی صبح فیصل آباد کے علاقے حاجی آباد کے ایک مکان میں مشتبہ دہشت گردوں کی موجودگی اطلاع پر جب پولیس کارروائی کرنے کے لیے وہاں پہنچی تو مکان کے اندر سے پولیس پر دستی بم پھینکے گئے جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
فیصل آباد کے ایس پی راؤ منیر احمد ضیاء نے بی بی سی بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس واقعے میں تین اہلکار معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گھر کے اندر چھپے چار مبینہ دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ان میں ایک خاتون بھی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ مبینہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے پولیس مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔
فیصل آباد کے ہی علاقے مدینہ ٹاؤن میں بدھ اور جمرات کی درمیانی شب کو پولیس نے مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع پر ایک مکان پر چھاپہ مارا تھا تاہم اس کارروائی کے دوران کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں لیکن مکان سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق اس کارروائی میں اشفاق نامی ایک شخص کو بازیاب کروایا گیا ہے جنہیں اغواء برائے تاوان کے لیے اغواء کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ بدھ کے روز انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب طارق سلیم ڈوگر نے اٹھارہ دہشت گردوں اور خود کش حملہ آوروں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے خود کش حملے میں استعمال ہونی والی جیکٹیں برآمد کرنے کا دعویْ کیا ہے۔


















