کراچی: مقابلے میں پانچ طالبان ہلاک

- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
- وقت اشاعت
کراچی میں ایک مبینہ پولیس مقابلہ میں پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق تحریک طالبان کے سربراہ بیت اللہ محسود سے تھا۔
کراچی پولیس کے سربراہ وسیم احمد کا کہنا ہے کہ چند روز پہلے گرفتار ہونے والے مبینہ تخریب کاروں کی اطلاع پر پولیس نے سہراب گوٹھ کے قریب چھاپہ مارا تو مسلح افراد نے فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے کچھ ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ پولیس نے یہ کارروائی کراچی میں بیت اللہ محسود کے امیر قاری حسین کی اطلاع پر کی تھی مگر وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
کراچی پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان سے جدید اسلحہ اور دھماکہ خیز مادہ برآمد کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ملزمان کی ابھی شناخت ہونی ہے، ملزمان کی لاشیں عباسی شہید ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
وسیم احمد ان کا دعویٰ ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان تخریب کاری کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
یاد رہے کہ پولیس نے چار روز قبل شہر میں منگھو پیر کے علاقے سے پانچ مبینہ ملزمان کو گرفتار کیا تھا، جن کا تعلق بھی کالعدم تحریک طالبان سے بتایا گیا تھا۔


















