بیت اللہ محسود کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں سے بمباری

- مصنف, دلاور خان وزیر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
- وقت اشاعت
پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے جیٹ طیاروں سے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔جس میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔اس کے علاوہ وانا میں شدید جھڑپیں ہوئی ہے۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سنیچر کو جنوبی وزیرستان کے سب ڈویژن لدھا میں بیت اللہ گروپ کے مقامی طالبان کے دو ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں سے بمباری کی گئی۔مقامی انتظامیہ کے مطابق بمباری سے دونوں ٹھکانے مکمل طورپر تباہ ہوگئے ہیں۔
انتظامیہ کے ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ گزشتہ شام بھی بیت اللہ گروپ کے پانچ ٹھکانوں کو جیٹ طیاروں سے نشانہ بنایا گیا تھا۔جس میں پندرہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔انہوں نے کہا کہ جن علاقوں پر بمباری کی گئی تھی۔اس میں تودہ چینہ، مکین میں طالبان کا دفتر، لدھا میں کمانڈر شمیم کا ایک مورچہ اور سپنکئی کے علاقے میں موجود مشکوک ٹھکانے شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ جنڈولہ اور منزئی سے سکیورٹی فورسز نے رات بھر شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی ہے۔جس میں کئی ٹھکانے تباہ ہوگئے ہیں۔
ادھر وانا میں نامعلوم افراد نے زیڑی نور فوجی کالونی اور زالئی سکاؤٹس قلعہ پر راکٹوں اور خودکار ہھتیاروں سے حملے کیے ہیں۔اس کے بعد سکیورٹی فورسز نے بھی جوابی کاروائی کی ہے جس میں توپخانے کے علاوہ مارٹر کا استعمال کیاگیا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اعظم ورسک کے علاقے میں ایک مکان پر مارٹر کا گولہ گرا ہے جس کے نتیجے میں محمد انور نامی قبائلی ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔مقامی انتظامیہ نے بھی اس واقعہ کی تصدیق کی ہے۔
اس کے علاوہ دیر میڈیا سنٹر نے بی بی سی کو بتایا کہ لوئر دیر کے علاقے کولعل ڈھیرئی اور سوری پاؤ میں واقع شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ دیر میڈیا سنٹر کے مطابق دیر کے مختلف علاقوں میں واقع شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر رات بھر گولہ باری بھی کی گئی جس کے نتیجہ میں کئی ٹھکانے تباہ ہوگئے ہیں۔
دیر میڈیا سنٹر کے اہلکار کا کہنا تھا کہ قومی لشکر اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپیں بھی جاری ہیں۔جس میں قومی لشکر نے شدت پسندوں کے کئی مراکز کو تباہ کیا ہے۔اہلکار کے مطابق لشکر کی کاروائی کامیاب ہے اور ابھی تک لشکر کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی






















