وینا کی طرف سے سوات متاثرین کی امداد

وینا ملک
،تصویر کا کیپشنمیں یہ سمجھتی ہوں کہ لوگوں سے چندہ مانگنے کی بجائے فلم اور ٹی وی کے اداکاروں کو خود اپنے پاس سے بھی سوات کےمتاثرین کی مدد کرنی چاھیے: وینا ملک
    • مصنف, مناء رانا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
  • وقت اشاعت

فنکار برادری میں سے سب سے پہلے سوات کے متاثرین کے لیے اپنی جیب سے فنڈ دینے والی پاکستان فلم انڈسٹری اور ٹیلی ویژن کی اداکارہ وینا ملک کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ امداد شہرت کے لیے نہیں کی بلکہ بے گھر ہونے والے خاندانوں کی تکلیف کا احساس کرتے ہوئے اور جذبہء حب الوطنی کے سبب کی ہے۔

وینا ملک نے بدھ کو پنجاب کے وزیر اعلی شہباز شریف کو سوات متاثرین کے لیے پانچ لاکھ روپے دیے۔

وینا ملک کا کہنا تھا کہ سوات سے بے گھر ہو کر آنے والے لوگ بھی ’ہمارے ہم وطن ہیں اور وہ جن تکلیف دہ حالات سے اس وقت گزر رہے ہیں ہمیں ان کا احساس کرنا چاھیے‘۔انہوں نے کہا کہ وہ روز میڈیا پر ان کی تکالیف دیکھتی ہیں اس لیے انہیں خیال آیا کہ وہ جس قدر ممکن ہے ان کی مدد کریں۔

وینا ملک نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دیکھا کہ فنکار برادری کے کچھ افراد لوگوں سے چندہ لینے کی مہم کا حصہ بنے۔انہوں نے کہا کہ یہ جذبہ بھی اچھا ہے لیکن ’میں یہ سمجھتی ہوں کہ لوگوں سے چندہ مانگنے کی بجائے فلم اور ٹی وی کے اداکاروں کو خود اپنے پاس سے بھی سوات کےمتاثرین کی مدد کرنی چاھیے‘۔

وینا ملک نے کہا کہ اسی لیے انہوں نے اپنی ذاتی آمدنی میں سے یہ رقم متاثرین کے لیے حکومت کو دی ہے تاکہ انڈسٹری کے دوسرے لوگ بھی ایسا کریں۔

پاکستانی فلموں کے ماضی کے معروف کامیڈین رنگیلا کی صاحبزادی اور پنجاب کی صوبائی اسمبلی کی رکن فرح دیبا نے وزیر اعلی شہباز شریف کے ساتھ وینا ملک کی ملاقات کا انتظام کیا تھا۔اس ملاقات میں سوات متاثرین کے لیے امداد دینے کے علاوہ وینا ملک نے وزیرِاعلی پنجاب کے ساتھ پاکستان کی فلمی صنعت کے مسائل پر بھی بات کی۔

وینا ملک کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب نے انہیں یقین دلایا ہے کہ جتنا ممکن ہو سکا فلمی صنعت کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور حکومت کی بھی خواہش ہے کہ فلمی صنعت اپنے پاؤں پر کھڑی ہو سکے اور دوبارہ اچھی فلمیں بنیں۔

فرح دیبا نے کہا کہ پنجاب حکومت نے وینا ملک کے جذبے کو سراہا ہے اور وہ یہ سمجھتیں ہیں کہ جس طرح وینا ملک نے متاثرین سوات کی مدد کے لیے رقم دی ہے اس طرح دیگر فنکار بھی اس کار خیر میں حصہ لیں۔