سروکئی:ڈرون حملوں میں آٹھ ہلاک

- مصنف, دلاور خان وزیر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
- وقت اشاعت
پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں حکام کا کہنا ہے کہ بیت اللہ محسود گروپ کے طالبان کے ایک ٹھکانے پر مبینہ امریکی جاسوس طیارے سے تین میزائل فائر کیے گئے ہیں جس کے نتیجہ میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پولیٹکل انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ جمعہ کی صبح دس بجے قریب جنوبی وزیرستان کے سروکئی سب ڈویژن کے ایک دور افتادہ علاقے موچی خیل میں پیش آیا۔
ّ<link type="page"><caption> بغیر پائلٹ طیارے ’ڈرون‘ کی تاریخ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/story/2008/10/081012_drone_story_fz.shtml" platform="highweb"/></link>
انہوں نے کہا کہ مبینہ امریکی جاسوس طیارے سے بیت اللہ گروپ کے طالبان کے ایک ٹھکانے پر تین میزائل داغے گئے جس سے وہاں موجود آٹھ جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں ۔ ہلاک ہونے والے جنگجوؤں کے بارے یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا ان میں غیر ملکی شامل ہیں یا نہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد طالبان نے سارے علاقے کو گھیرے میں لےکر لاشوں کو ملبے سے نکالنے کا کام شروع کر دیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ ٹھکانہ بیت اللہ گروپ کے ایک کمانڈر مفتی نور ولی کے زیر کنٹرول تھا جو تحریک طالبان پاکستان کی مرکزی شورٰی کا رکن بھی ہے۔ تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی کہ حملے کے وقت نور ولی خود وہاں موجود تھے یا نہیں۔
یہ حملہ ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب پاکستانی فوج نےجنوبی وزیرستان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ بیت اللہ محسود کے خلاف ’ آپریشن راہ نجات‘ شروع کر رکھا ہے۔ اس آپریشن کو شروع ہوئے دو ہفتے ہو چکے ہیں لیکن ابھی تک فوج کو بیت اللہ محسود کے خلاف کوئی قابل ذکر کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی فوج نے مرکزی شاہراہوں کے علاوہ کوئی خاص پیش قدمی کی ہے۔
تاہم آپریشن راہِ نجات کے آغاز کے بعد سے جنوبی وزیرستان کا علاقہ ہی ڈرون حملوں کا نشانہ رہا ہے۔ قریباً دس دن قبل جنوبی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیاروں نے ایک دن میں دو میزائل حملے کیے تھے۔ پہلا حملہ لدھا کے علاقے میں کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کے سربراہ بیت اللہ محسود کے ساتھیوں کے ایک ٹھکانے پر ہوا جس میں متعدد افراد مارے گئے۔ ان افراد کی نمازِ جنازہ کے لیے جمع ہونے والے افراد پر ایک اور میزائل حملہ کیا گیا۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق ان دونوں حملوں میں کم از کم پچاس افراد ہلاک ہوئے تھے۔


















