’جنگجوؤں نے فون ایکسچینج تباہ کر دیا‘

شاہ ڈھیرئی میں شدت پسندوں کے ساتھ سیکیورٹی فورسز کی جھڑپ ہوئی
،تصویر کا کیپشنشاہ ڈھیرئی میں شدت پسندوں کے ساتھ سیکیورٹی فورسز کی جھڑپ ہوئی
    • مصنف, عزیزاللہ خان
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
  • وقت اشاعت

پاکستان فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ دیر میں مقامی لشکر نے کارروائی کی ہے جس میں لشکر کے چار افراد اور ایک شدت پسند کمانڈر نعیم اللہ ہلاک ہوئے ہیں جبکہ چار شدت پسندوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے دیر کے مقامی لشکر نے اورغر، ادینزئی اور غازیج میں گھر گھر تلاشی شروع کر دی ہے جہاں ان کی شدت پسندوں سے جھڑپ ہوئی ہے۔ شدت پسندوں نے لوئر دیر میں ٹیلیفون ایکسچینج کو تباہ کر دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مالاکنڈ آپریشن میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کل تیرہ شدت پسند ہلاک اور چوبیس کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور دہشت گردی میں استعمال ہونے والے آلات برآمد ہوئے ہیں۔

سوات میں کبل اور اکون کلے اور زرہ خلیلہ میں سکیورٹی فورسز کی گھر گھر تلاشی کے دوران انیس بندوقیں، چار پستول، دو دیسی ساختہ بم اور تین موبائل فون اور ان کے سم کارڈ برآمد ہوئے ہیں۔ رنگیلا اور ڈھادرہ میں ایک بم کو ناکارہ کرتے ہوئے ایک فوجی زخمی ہوا ہے۔

گوکدرہ اور ٹنڈوڈاگ کے علاقے میں جھڑپ کے دوران دو شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں اور ان کے قبضے سے بھاری اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ نوا کلی اور مینگورہ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی سے شدت پسندوں کے زیر استعمال تین گاڑیاں، تحریک طالبان کے لیٹر پیڈز، دس عدد پراپیگنڈا کیسٹ، ایک ٹیپ ریکارڈر اور ریڈیو کے علاوہ کمپیوٹر کا سامان برآمد ہوا ہے۔

شاہ ڈھیرئی میں شدت پسندوں کے ساتھ سیکیورٹی فورسز کی جھڑپ ہوئی ہے جس میں دس شدت پسند ہلاک اور اور بیس زخمی ہوئے ہیں۔ شدت پسندوں کا اہم ٹھکانہ شمسو کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ نقل مکانی کرنے والے افراد کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ان چھ سو افراد میں خوراک اور دیگر سامان تقسیم کیا گیا ہے جو کیمپوں سے باہر مقیم ہیں۔