ملی بینڈ کا پاکستان کا دورہ

ڈیوڈ ملی بینڈ
،تصویر کا کیپشنبرطانیہ کے وزیر خارجہ کا پاکستان کا دورہ
وقت اشاعت

برطانیہ کے وزیر خارجہ نے منگل کو ملاکنڈ ڈویژن میں طالبان کے خلاف فوجی آپریشن کے متاثرین کےکیمپوں کا دورہ کیا۔

اس فوجی آپریشن کے نتیجے میں تقریباً بیس لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ برطانوی وزیر خارجہ نے صوابی میں متاثرین کے کیمپ پر بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان میں فوج اور حکومت کے درمیان تعاون کا ایک نیا جذبہ دکھائی دیا ہے جو ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو برس میں یہ ان کا پاکستان کا پانچواں دورہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار انہیں ایک واضح تبدیلی نظر آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب نہ صرف فوج کے اندر یکجہتی ہے بلکہ فوج اور سویلین حکومت میں بھی اتفاق ہے کہ ملک کے اندر دشمن ہے اور وہ اندرونی دہشت گردی کر رہا ہے جو کہ پاکستان کے لیے خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی احساس اور یکجہتی کی وجہ سے فوج قربانیاں دے رہی ہے اور عوام تکلیفیں اٹھا رہے ہیں، کیونکہ اب یہ سوچ پیدا ہو گئی ہے کہ اس کا بہتر صلہ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں یہ انتہائی اہم ہے کہ حکومت کی مدد کی جائے تاکہ وہ ملک میں اپنی حکمرانی قائم کر سکے، اور بے گھر لوگوں کو اپنے گھروں میں واپس بھیجا جا سکے، کیونکہ وہ سب اپنے گھر لوٹنا چاہتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ بدھ کو اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ہمراہ ملتان کا دورہ کریں گے۔ روانگی سے قبل ان کی صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے بھی ملاقات متوقع ہے۔