میجر کلیم کیس میں نامزد کونسلر قتل

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ایک مرتبہ پھر شروع ہو گئے ہیں
،تصویر کا کیپشنکراچی میں ٹارگٹ کلنگ ایک مرتبہ پھر شروع ہو گئے ہیں
    • مصنف, ریاض سہیل
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
  • وقت اشاعت

کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ میں متحدہ قومی مومنٹ کے سابق کاؤنسلر حاجی جلال دو بیٹوں اور ایک برادرِ نسبتی سمیت ہلاک ہوگئے ہیں، حاجی جلال میجر کلیم پر تشدد کے مشہور کیس میں نامزد تھے۔

لانڈھی پولیس کا کہنا ہے کہ لانڈھی نمبر چار کے علاقے زمان آباد میں کولڈ ڈرنک کی ایک دکان پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی، جس میں چھ افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں جناح ہپستال منتقل کیا گیا۔جہاں ڈاکٹروں نے چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

ڈی آئی جی ظفر بخاری کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں حاجی جلال، ان کے دو بیٹے عثمان، عبداللہ اور سالہ سہیل شامل ہیں، حاجی جلال انیس سو ستاسی میں ایم کیو ایم کے کاؤنسلر رہے چکے ہیں۔

پولیس کے مطابق حاجی جلال پاکستان فوج کے میجر کلیم کے اغوا اور تشدد کے مقدمے میں بھی نامزد تھے، یہ مقدمہ انیس سو اکیانوے میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سمیت سولہ رہنماؤں کے خلاف دائر کیا گیا تھا۔

حاجی جلال انیس سو ترانوے کو لندن چلے گئے تھے اور ڈہائی تین ماہ قبل واپس آئے تھے۔ پولیس کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے جاری کیئے گئے۔ قومی مفاہمتی آرڈیننس کے تحت ان پر دائر مقدمہ ختم ہوگئے تھے۔

کراچی واپسی کے بعد انہوں نے اپنی سرگرمیوں کو محدود کردیا تھا، واقعے کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی نامعلوم افراد نے ہوائی فائرنگ کی جس وجہ سے کاروبار بند ہوگیا۔ پولیس کے ساتھ رینجرز نے بھی گشت شروع کردیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی لانڈھی میں تھانے کے سامنے نامعلوم افراد کی فائرنگ میں دو بھائی ہلاک ہوگئے تھے، جس کے بعد علاقے میں شدید ہنگامہ آرائی ہوئی اور پولیس پر بھی حملے کی کوشش کی گئی تھی۔

پولیس کو شبہ ہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے، یاد رہے کہ کراچی میں گزشتہ تین ماہ کے اندر ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، ان واقعات کا مرکز لانڈھی کا علاقہ ہے۔ان واقعات کی روک تھام کے لئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کراچی کا دورہ کیا تھا مگر کچھ دنوں کی خاموشی کے بعد ان واقعات کا سلسلہ پھر شروع ہوگیا ہے۔