بلدیاتی انتخاب ملتوی، مجسٹریسی نظام بحال

یوسف رضا گیلانی
،تصویر کا کیپشنملک میں امن عامہ کی وجہ سے مردم شماری بھی ملتوی ہو جائے گی
    • مصنف, بیورو رپورٹ
    • عہدہ, اسلام آباد
  • وقت اشاعت

حکومت نے ملک میں امن عامہ کی خراب صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے بلدیاتی انتخابات غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیئے ہیں۔آئندہ ماہ اگست سے ناظمین کی جگہ جن کی معیاد ختم ہو رہی ہے ایڈمنسٹریٹرز لگائے جائیں گے۔

اس بات کا اعلان وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے آج یہاں بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک میں مردم شماری کرانے کے بارے میں فیصلہ بھی رواں سال کے اواخر تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے واضح کیا کہ ایڈمنسٹریٹر سیاسی لوگ نہیں ہوں گے تاکہ کسی قسم کی اقرباء پروری کی شکایت سامنے نہ آئے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے لیے انتظامات مکمل ہیں تاہم صوبہ سرحد کی درخواست پر وہاں کے خراب حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس آئنیی ضرورت کو ملتوی کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں کی مشاورت سے ایگزیکٹو مجسٹریسی نظام بحال کرنےاور پولیس آرڈر دو ہزار دو میں ترامیم کا بھی متفقہ فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترامیم کی تیاری کے لیے بلدیات کے وفاقی وزیر کی قیادت میں ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جس میں چاروں صوبوں کے نمائندے بھی شامل ہیں۔

بین الصوبائی رابطہ کمیٹی نے سال دو ہزار دس کو خواندگی کے فروغ کے سال کے طور پر منانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ البتہ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت جلد نئی تعلیمی پالیسی جاری کرے گی۔