عمر زادہ کی لاش برآمد: فوج

- مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
- وقت اشاعت
پاکستان فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ سوات میں گزشتہ روز ہلاک کئے جانے والے وادی سخرہ کے کمانڈر عمر زادہ کی لاش برآمد کرلی گئی ہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہونے والی کارروائیوں میں متعدد شدت پسندوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ سات سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔
جمعرات کو فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے وادی تیلگرام کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران دھماکہ خیز مواد بنانے کی ایک لیبارٹری تباہ کردی ہے جبکہ تیرہ شدت پسندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ اس کارروائی میں کئی عسکریت پسند بھی ہلاک ہوئے۔
بیان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحصیل مٹہ میں شدت پسندوں کے ایک تربیتی مرکز اور سات ٹھکانوں کو تباہ کردیا ہے۔ تباہ ہونے والے ٹھکانوں میں سرنگ اور بنکرز بھی شامل ہیں۔
سکیورٹی فورسز نے مالاکنڈ کے علاقے بٹ خیلہ میں بھی سرچ آپریشن کے دوران بارہ مزید شدت پسندوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
ادھر ایف آر بنوں کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کے ایک قافلے پر ہونے والے ریموٹ کنٹرول بم حملے میں چھ سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مالاکنڈ کے متاثرین میں ساڑھے گیارہ سو ٹن راشن اور بارہ سوسے زائد کیش کارڈز تقسیم کئے گئے۔ سرکاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فروٹ کے تاجروں کو اپنا مال سوات سے پشاور لے جانے کےلیے سپیشل پرمٹ جاری کئے جارہے ہیں۔
اس کے علاوہ قبائلی جنوبی وزیرستان میں بھی سکیورٹی فورسز نے لدھا سب ڈویژن کے علاقے میں بیت اللہ گروپ کے ٹھکانوں پر تازہ حملے کئے ہیں تاہم ہلاکتوں کے حوالے سے مصدقہ اطلاعات نہیں ملی ہیں۔


















