مائیک مولن: جلوزئی کیمپ کا دورہ

ایڈمرل مائیک مولن
،تصویر کا کیپشنایڈ مرل مائیک مولن نے آرمی فیلڈ ہسپتال اور بچوں کے ووکیشنل سینٹر بھی گئے۔
    • مصنف, عبدالحئی کاکڑ
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
  • وقت اشاعت

امریکی فوج کے جوائنٹ چیف آف سٹاف ایڈمرل مائیک مولن نے جمعرات کومالاکنڈ ڈویژن کے بے گھر افراد کے لیے قائم جلوزئی کیمپ کا دورہ کیا ہے جہاں پر انہیں واپسی کے عمل اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

صوبہ سرحد کے ضلع نوشہرہ میں واقع جلوزئی کیمپ پہنچنے کے بعد امریکی ایڈ مرل مائیک مولن نے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن کے ہمراہ آرمی فیلڈ ہسپتال اور بچوں کے ووکیشنل سینٹر کا دورہ کیا۔

پاکستانی فوج کے سپیشل سپورٹ گروپ کے ترجمان کرنل وسیم نے بی بی سی کو بتایا کہ امریکی ایڈمرل کے اس دورے کا مقصد بے گھر افراد کے مسائل، ان کی واپسی اور بحالی کے بارے حکومتِ پاکستان کی جانب سے کی گئی منصوبہ بندی سے آگاہی حاصل کرنا تھا۔

ان کے بقول سپیشل سپورٹ گروپ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم نے اس موقع پر بریفنگ دی اور انہیں بتایا کہ حکومت پاکستان کس طریقے سے ان مسائل اور واپسی کے عمل سے نمٹ رہی ہے۔

ان کے بقول نے انہیں بتایا گیا کہ بے گھر افراد کے واپس جانے کے بعد ان کی اپنے علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے منصوبوں پر دو اعشاریہ پانچ بلین ڈالر کی لاگت آئے گی جس کے لیے اور حکومتِ پاکستان کو بین لاقوامی برادری کی مدد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی جنرل مائیک مولن نے حکومت پاکستان کی جانب سے بے گھر ہونے والے افراد کی مدد اور ان کی واپسی کے انتظامات پر اطمیان کا اظہار کیا۔

دوسری طرف بے گھر افراد کی واپسی کے عمل کے دوسرے مرحلے کا جمعرات کو آخری دن تھا اور فوجی ترجمان کے بقول صرف بدھ کو اٹھائیس سو انہتر خاندان بونیر اور سوات واپس چلے گئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعرات کو بھی کیمپوں اور باہر مقیم خاندان بڑی تعداد میں واپس لوٹ رہے ہیں۔

صوبہ سرحد کی حکومت کی جانب سے قائم کیے گئے ایمرجنسی رسپانس یونٹ کا کہنا ہے کہ جمعہ سے متاثرین کی واپسی کا تیسرا مرحلہ شروع ہوجائے گا۔ ان کے بقول اس مرحلے میں مینگورہ شہر، سیدو شریف، حاجی آباد،گلکدہ اور ملوک آباد کے لوگ واپس جائیں گے۔