پنجاب: صوبائی وزیر کے خلاف مقدمہ

- مصنف, عباد الحق
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
- وقت اشاعت
صوبہ پنجاب کے وزیر مال اور پیپلز پارٹی کے رہنماء حاجی محمد اسحاق کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں ان پر سرکاری کام میں مداخلت کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
یہ مقدمہ پنجاب کے شہر گوجرہ کی پولیس نے درج کیا ہے اور اس مقدمے کے مدعی سٹی پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او بہار حسین بھٹی ہیں۔ مقدمے میں یہ کہا گیا ہے کہ اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرنے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار گیا تھا جن کو صوبائی وزیر مال حاجی اسحاق نے موقع پر پہنچ کر چھڑانے کے کوشش کی اور سرکاری کام میں مداخلت کی۔
صوبائی وزیر مال حاجی محمد اسحاق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے صوبائی حلقہ پی پی پچاسی سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق سینچر کو صوبائی وزیر حاجی اسحاق نے گوجرہ میں ایک سڑک کا افتتاح کیا تھا۔ پولیس کے مطابق اس موقع پر ہوائی فائرنگ کی گئی جس پر پولیس نے فائرنگ کرنے والے افراد کو گرفتار کرلیا لیکن صوبائی وزیر نے مداخلت کرتے ہوئے گرفتار افراد کو چھڑانے کی کوشش کی۔پولیس نے یہ الزام بھی لگایا کہ صوبائی وزیر اور دیگر افراد نے پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی کی ۔
ُُادھر صوبائی وزیر حاجی اسحاق نے اپنے خلاف لگائے الزامات کی تردید کرتے ہوئےاسے انتقامی کارروائی قرار دیا۔ پیپلزپارٹی کے رہنماء اور پنجاب کابینہ کے سینئر وزیر راجہ ریاض نے ایک نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے اس مقدمے کوْ ایک سازش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر وہ وزیر اعلٰی پنجاب سے بات کریں گے۔
مسلم لیگ نون کے رہنماء اور وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ خان کا کہنا ہے کہ کسی کے خلاف مقدمہ درج ہونے سے الزام ثابت نہیں ہوتا کیونکہ بقول ان کے مقدمہ میں مدعی ایس ایچ او نے اپنا مؤقف پیش کیا ہے جس پر تفتیش ہوگی۔
قانونی ماہرین کے مطابق صوبائی وزیر مال کے خلاف جن دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے وہ تمام قابل ضمانت ہیں ۔


















