’نیو مری منصوبہ ختم کر دیا گیا‘

- مصنف, آصف فاروقی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
- وقت اشاعت
صوبہ پنجاب کی حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ مری کے پہاڑوں پر بنایا جانے والا متنازعہ تعمیراتی منصوبہ ’نیو مری پراجیکٹ‘ ختم کر دیا گیا ہے۔
یہ بات حکومت پنجاب کے نمائندے نے اس منصوبے کے ماحول پر ممکنہ منفی اثرات کے خدشات پر چیف جسٹس کے ازخود نوٹس پر ہونے والی کارروائی کے دوران بتائی۔
پنجاب کے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خادم حسین نے نیو مری پراجیکٹ کے بارے میں ازخود نوٹس کی سماعت کرنے والے عدالت عظمٰی کے تیرہ رکنی بنچ کو بتایا کہ گورنر پنجاب کے حکم پر ’نیو مری ڈویلپمنٹ اتھارٹی‘ کو ختم کر دیا گیا ہے اور اس کے پاس موجود چار ہزار ایکڑ سے زائد زمین کو قدرتی جنگل کے طور پر محفوظ کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ مری کے پہاڑوں پر رہائشی اور تفریحی نوعیت کی تعمیرات کا یہ منصوبہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور حکومت میں اس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے شروع کیا تھا۔
اس منصوبے کے ماحول پر ممکنہ منفی اثرات کے پیش نظر ماحول سے متعلق غیر سرکاری تنظیموں نے منصوبے کے خلاف احتجاج کیا تھا جس کے بعد چیف جسٹس افتخار چوہدری نے اس منصوبے کا ازخود نوٹس لیا تھا۔
بحالی کے بعد اس متنازعے تعمیراتی منصوبے سے متعلق مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس نے صوبائی حکومت سے وضاحت طلب کی کہ یہ منصوبہ ختم کرنے کی وجوہات کیا ہیں اور یہ کہ صوبائی حکومت ماحول سے متعلق حساس مقامات کو محفوظ بنانے کے لیے کیا اقدامات کر رہی ہے۔
چیف جسٹس نے مقدمے کی سماعت تیس جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے حکومت پنجاب سے اس منصوبے سے متعلق تمام ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔


















