کوئٹہ شہر میں فائرنگ، ایک ہلاک

کوئٹہ شہر (فائل فوٹو)
،تصویر کا کیپشنکوئٹہ شہر میں فرنٹیئر کور کو تعینات کر دیا گیا ہے
    • مصنف, ایوب ترین
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
  • وقت اشاعت

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بدھ کی رات دستی بم کے حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک اور فرنٹیئر کور کے دواہلکاروں سمیت چار افرادزخمی ہوئے ہیں واقعہ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

رات گئے سریاب روڈ پر ڈگری کالج کے قریب نامعلوم افراد نے فرنٹیئرکور کی ایک گاڑی پردستی بم سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایف سی کے دو اہلکار زخمی ہوئے۔

اس کے بعد ایف سی اور نامعلوم حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا جوکافی دیر تک جاری رہا اسی دوران حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

فائرنگ سے ایک راہگیر خاتون ہلاک اور دو افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال پہنچا دیاگیا۔ ہسپتال میں ایک زخمی امیر نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کو آنکھوں دیکھاحال بتاتے ہوئے کہا کہ وہ سریاب روڈ پر اپنے گیراج سے گاڑی میں واپس چالو باوڑی میں واقع گھر کی طرف آرہے تھے کہ ڈگری کالج کے قر یب ایف سی اور بلوچوں کے درمیان فائرنگ ہو رہی تھی۔ فائرنگ کی وجہ سے سریاب روڈ بند تھی اور انہوں نے خود ایک دکان میں پناہ لی اور اس دوران ایک گولی آکر میر ے کندھے میں لگی۔

اس سلسلے میں جب کوئٹہ میں ایف سی کے ترجمان میجر اویس سے رابطہ کیا توانہوں نے واقعہ میں ایف سی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات کورد کرتے ہوئے دعوی کیا کہ راہگیر خاتون کی ہلاکت حملہ آوروں کی فائرنگ سے ہوئی۔

خیال رہے کہ کوئٹہ میں گزشتہ ماہ آباد کاروں اور اساتذہ کے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافے کے بعد صوبائی وزیرداخلہ نے اسمبلی کے فلور پر امن وامان برقرار رکھنے میں ناکامی کااعتراف کرنے کے بعد صوبائی حکومت نے اس ماہ کے اوائل میں کوئٹہ شہر کے امن وامان کاکنٹرول فرنٹیئرکور کے حوالے کر دیاتھا۔