سوات میں کیبل نشریات دوبارہ بحال

- مصنف, عبدالحئی کاکڑ
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
- وقت اشاعت
صوبہ سرحد کے ضلع سوات میں فوجی آپریشن کے بعد کیبل کی نشریات دوبارہ شروع ہوگئی ہیں۔
سوات میں طالبان نے کیبل نشریات پر مکمل پابندی عائد کردی تھی تاہم پچھلے سال فروری میں امن معاہدے کے بعد پورے سوات پر ان کی عملداری قائم ہونے کے ساتھ ہی انہوں نے صرف نیوز اور اسلامی چینل کی نشریات دکھائے جانے کی اجازت دی تھی۔
تاہم اب سوات میں ایک کیبل نیٹ ورک کے سربراہ نوید خان نے بی بی سی کو بتایا کہ علاقے میں کیبل کی نشریات تین دن سے شروع ہوچکی ہیں۔ ان کے بقول فوجی آپریشن کے دوران زیادہ تر نشریاتی آلات، تاروں، آپٹک فائبرز اور بوسٹرز کو نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب تک مینگورہ شہر کے علاقے مکان باغ اور سیدو شریف میں نشریات شروع کی جا چکی ہیں جبکہ باقی علاقوں میں بھی تاریں بچھانے اور بوسٹر لگانے کا کام جاری ہے۔ ان کے بقول اس وقت دو سو گھروں میں کیبل کی نشریات دکھائی جاری ہیں۔
طالبان کا مؤقف تھا کہ کیبل نشریات کی وجہ سے مبینہ طور پر ’ فحاشی و عریانی’ پھیلنے کا خدشہ ہے۔ اسی بناء پر انہوں نے میوزک سینٹروں اور سی ڈی سینٹز کو بھی بارہا بم دھماکوں کو نشانہ بنایا تھا۔ ایک اندازے کے مطابق طالبان کے حکم پر مینگورہ میں میوزک کی چھ سو کے قریب دکانیں بند ہوچکی ہیں۔


















