قرآن کی مبینہ بے حرمتی، دو ہلاک

گوجرہ میں فسادات کے خلاف پورے ملک میں احتجاج ہوا ہے
،تصویر کا کیپشنگوجرہ میں فسادات کے خلاف پورے ملک میں احتجاج ہوا ہے
    • مصنف, عباد الحق
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
  • وقت اشاعت

لاہور کے نواحی علاقے مرید کے میں قرآنی آیات کی مبینہ بے حرمتی پر ایک فیکڑی کے مالک سمیت دو افراد کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق شیخوپورہ مرید کے روڈ پر واقع چمڑے کی فیکڑی کا مالک اپنے دفتر میں لگے ان پرانے کلینڈر کو تبدیل کر رہا تھا جن پر قرآنی آیات درج تھیں۔ اسی دوران فیکڑی کا سپروائیز قاسم بھی وہاں پہنچ گیا اور ان دونوں میں کلینڈر اتروانے پر تکرار ہوئی۔اس پر سپروائیز نے فیکڑی کے مزدوروں اور مقامی کو لوگوں کو اکٹھا کیا اور فیکڑی کےمالک نجیب ظفر پر یہ الزام لگایا کہ اس نے قرآنی آیات والے کلینڈر کی بے حرمتی کی۔

مزدورں نے فیکڑی کے اندر احتجاج کیا جبکہ جبکہ مقامی لوگوں نے فیکڑی کا گھیراؤ کرکے شیخوپورہ، مرید کے روڈ کو بلاک کر دیا اور پتھراؤ کیا۔ پولیس کے مطابق جب مشتعل مزدور فیکڑی مالک کے دفتر کے قریب پہنچے تو وہاں تو سکیورٹی گارڈز نے نجیب کو فیکڑی کے عقبی حصے میں لے گئے لیکن سپروائیز دیگر مشتعل افراد کے ساتھ وہاں پہنچ گیا اوراس دوران مظاہرین کی سکیورٹی گارڈز کے ساتھ چھڑپ ہوئی۔ مظاہرین نے سکیورٹی گارڈ سے ان کا اسحلہ چھین لیا جس پر فائرنگ ہوئی اور اس کے نیتجے میں فیکڑی کا مالک نجیب ظفر اور ایک شخص بابر ہلاک ہوگئے۔

مشتعل افراد نے فیکڑی میں توڑ پھوڑ کر کے اس کو شدید نقصان پہنچایا بلکہ لوٹ مار بھی کی۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جس پر مظاہرین منشتر ہوگئے اور پولیس نے صورت حال پر قابو پا لیا۔

پولیس کے مطابق فیکڑی مالک اور مزدوروں کے درمیان تنخواہوں پر تنازع چل رہا تھا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی مقدمہ درج نہیں کیا تاہم سپروائیز قاسم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

یاد رہے کہ سنیچر کوصوبہ پنجاب کے شہرگوجرہ میں مسلم عیسائی جھگڑے میں سات عیسائیوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا اور درجنوں گھر جلا دیے گئے تھے۔

عیسائیوں کے خلاف پرتشدد واقعات کی عدالتی تحقیقات کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے جج پر مشتمل کمیشن نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ گورنر پنجاب نےصدر آصف زرداری کی جانب سے ہلاک شدگان کے لیے فی کس پانچ لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے تین لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔